برسلز: یوکرین پر نیٹو کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس
نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے نیٹو کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے آغاز سے قبل بدھ کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کی۔
یہ دو روزہ اجلاس بدھ اور جمعرات (اپریل چھ اور سات) کو نیٹو صدر دفتر میں ہو رہا ہے جس کی صدارت اسٹولٹن برگ کر رہے ہیں۔
ان کے کلمات کو براہ راست ٹوئٹر پر نشر کیا گیا۔
یوکرین میں شہری ہلاکتوں پر بھارت کی مذمت
بھارت نے یوکرین کے معاملے پر پہلی بار روس کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے، شہری آبادی کی ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔ تاہم، ساتھ ہی بھارت نے کہا ہے کہ روس بھارت کا ایک کلیدی اقتصادی ساجھے دار ہے۔
نئی دہلی سے وائس آف امریکہ کی نامہ نگار، آنجنا پسریچا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یوکرین پر حملے کے معاملے میں اب تک نئی دہلی نے اپنے طویل مدتی اتحادی کی مذمت کرنے سے احتراز کیا ہے، حالانکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے اس پر شدید دباؤ ڈالا گیا ہے۔
بوچا میں شہریوں کی ہلاکتیں ''انتہائی پریشان کُن'' ہیں، چین
چین نے کہا ہے کہ یوکرین کے قصبے بوچا میں شہری آبادی کی ہلاکتوں سے متعلق رپورٹیں اور تصاویر ''انتہائی پریشان کُن'' ہیں۔
اس سلسلے میں، ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ چین نے تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان، زاؤ لی جیان نے بدھ کے روز کہا ہے کہ چین ''ان تمام کوششوں اور اقدامات'' کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد یوکرین کے انسانی ہمدردی کے بحران کو کم کرنے میں مدد دینا ہے، اور یہ کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے جس سے شہریوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
یوکرین کے بحران پر چین کے رد عمل کے معاملے پر 'ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی' کے نامہ نگار، رائیڈ اسٹینڈش گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اپنے تجزیے میں انھوں نے بتایا ہے کہ بوچا کی ہلاکتوں کی وجہ سے چین پر دباؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، چونکہ اس کا مؤقف روس نواز رہا ہے اور وہ اس لڑائی سے متعلق رائے عامہ ہموار کرنے کی مخصوص کوشش کرتا رہا ہے۔ چین نے مذاکرات کا مطالبہ تو کیا ہے، لیکن حملے پر روس پر نکتہ چینی سے انکار کرتا رہا ہے۔
امریکہ کا یوکرین کو 10کروڑ ڈالر کی فوجی امداد دینے کا اعلان
امریکہ نے یوکرین کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان نیٹو کے وزرائے خارجہ کے برسلز میں یوکرین کے تنازع پر دو روزہ مذاکرات کے موقع پر کیا گیا۔
امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا یوکرین میں روس کی افواج کی طرف سے کیے جانے والے مظالم سے حیران اور پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کی افواج بہادری سے اپنے ملک اور آزادی کا دفاع جاری رکھے ہوئے ہیں اور امریکہ، اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ، یوکرین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت میں ثابت قدم ہے۔
پینٹاگون کے پریس سیکریٹری جان کربی نے کہا کہ یہ امداد اضافی جیولن اینٹی آرمر سسٹمز کے لیے یوکرین کی فوری ضرورت کو پورا کرے گی، جسے امریکہ یوکرین کو فراہم کر رہا ہے اور یوکرین اسے اپنے ملک کے دفاع کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کر رہا ہے۔