نیوکلیئر کے عالمی ادارے کو یوکرین کی جوہری تنصیب تک رسائی درکار
ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ یورپ کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ، جس پر ان دنوں روس کا قبضہ ہے، اس کی مرمت کے لیے تنصیب تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رافیل گروسی نے ایسو سی ایٹڈ پریس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں زپوریزہیا میں واقع نیوکلیئر پلانٹ کی جانب دھیان مبذول کرایا ہے، جہاں 1986 ء میں چرنوبل کا حادثہ پیش آیا تھا۔ اس پلانٹ پر بھی روسی افواج نے قبضہ کرلیا تھا۔
گروسی نے کہا کہ آئی اے اِی اے کے معائنہ کاروں کو زپوریزہیا تک رسائی درکار ہے، جو یوکرین کے جنوب میں واقع ہے، اور دیگر چیزوں کے علاوہ وہ پھرسے اقوام متحدہ کے ادارے کے ویانا میں قائم صدر دفتر سے روابط قائم کر نے کی ضرورت ہے ۔ اس کے لیے روس اور یوکرین دونوں سے مدد کی ضرورت پڑے گی۔
انھوں نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی جس سے ایک ہی روز قبل اس معاملے پریوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔
امریکہ اور اتحادی یوکرین کی حمایت میں اضافہ لارہے ہیں
کہامریکہ اور اس کے اتحادیوں نے منگل کے روز اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ یوکرین کی افواج کی حمایت میں فوری اور موثر اقدام کریں گے، ساتھ ہی روس کی معیشت کو ہدف بنانے کے معاملے پر دباؤ میں اضافہ کریں گے، ایسے میں جب کہ روس نے ہمسایہ ملک یوکرین پردو ماہ سے جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ روس کے صدر نے اس بات پر رضامندی کا اظہار کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی امدادی گروپ کو آنے کی اجازت دے گا، تاکہ ماریوپول کی بندرگاہ والے شہرمیں محصور شہری آبادی کو نکالا جا سکے۔
امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے منگل کے دن امریکی سینیٹ کی امور خارجہ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ اس سے قبل یوکرین کو فوجی آلات اور گولہ بارود بھیجنے میں کئی ہفتے لگتے تھے، لیکن اب یوکرین کو تین دن کے اندر اندر ہتھیار بھیجے جا سکتے ہیں۔
بلنکن نے کہا کہ گزشتہ اختتام ہفتہ جب سے ان کی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ہمراہ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے کیف میں ملاقات ہوئی ہے، دونوں ملکوں کے مابین یکسوئی سے کام جاری ہے اور بہتر نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔
روس کا پولینڈ اور بلغاریہ کو گیس بند کرنے کا فیصلہ، یورپی یونین کی کوشش ہوگی کہ صارفین پر کم سے کم اثرات پڑیں
یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وون ڈر لیان نے بدھ کے روز کہا ہے کہ یورپی یونین روسی گیس کے بڑے کاروباری ادارے، گیزروم کے فیصلے کے نتیجے میں صارفین پر پڑنے والے اثرات میں کمی کو یقینی بنائے گی ، روس کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پولینڈ اور بلغاریہ کو گیس کی رسد بند کی جائے گی۔
وون ڈر لیان نے برسلز میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ہم فوری ، متحدہ اور مربوط جوابی کارروائی کریں گے۔ پہلے ہم یہ بات یقینی بنائیں گے کہ گیزروم کے فیصلے کا یورپی صارفین پر ممکنہ حد تک کم اثر پڑے۔
یوکرین میں سوویت دور کی یادگار کو روسی حملے کے خلاف احتجاج کے طور پر منہدم کردیا گیا
یوکرین کے حکام نے منگل کو کیف کے مرکز میں سوویت دور کی اس یادگار کو منہدم کر دیا جسے ماضی میں روس اور یوکرین کے درمیان دوستی کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔
کییف کے میئر وٹالی کلِٹسکو نے کہا کہ اس یادگار کو روس کے یوکرین پر حملے کے ردعمل کے طور پر ہٹایا گیاہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یہ مجسمہ ایک بڑے ٹائٹینیم "پیپلز فرینڈشپ آرچ" کے نیچے تھا، جسے 1982 میں سوویت یونین کی 60ویں سالگرہ کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا۔
ایک کرین نے یادگار کو اٹھایا اور آہستہ آہستہ اسے زمین پر گرا دیا، تقریباً 100 لوگوں کے ہجوم نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا اور "گلوری ٹو یوکرین" جیسے نعرے لگائے۔