یوکرین بحران: بلنکن غذائی عدم تحفظ پر اقوامِ متحدہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے
اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن 18 مئی کو دنیا بھر میں غذائی عدم تحفظ کے بارے میں اقوامِ متحدہ کے وزارتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
خیال رہے کہ یوکرین میں جنگ اور دیگر تنازعات نے عالمی سطح پر غذائی عدم تحفظ متاثر کیا ہے۔
اجلاس میں موجودہ اور مستقبل کی انسانی ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ امریکہ اس ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے اور بلنکن ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سیکیورٹی کونسل کے اراکین یوکرین جنگ کی وجہ سے غذائی عدم تحفظ سے متعلق صورتِ حال کا جائزہ لیں گے۔
بائیڈن کا ٹینک شکن میزائل کے پلانٹ کا دورہ، ' تیار کردہ ہتھیار یوکرینی ہیروز کے ہاتھوں میں ہیں'
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ریاست الاباما کے شہر ٹرائے میں واقع اس پلانٹ کا دورہ کیا جہاں کارکن یوکرین کو بھیجے جانے والے ٹینک شکن میزائل بنا رہے ہیں۔
بائیڈن نے پلانٹ میں کام کرنے والے کارکنوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوکرینی عوام کے لیے اپنا دفاع کرنے کو ممکن بنا رہے ہیں۔
انہوں نے پلانٹ کے ورکرز کو کہا کہ ان کے ہاتھوں سے تیار کردہ ہتھیار یوکرین کے ہیروز کے ہاتھ میں ہیں۔" آپ جو کرتے ہیں اس کے لیے آپ کا شکریہ۔"
ماریوپول کے مضافات سے 127 شہریوں کا انخلا
اقوام متحدہ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے یوکرین کے شہر ماریوپول کے مضافات سے 127 افراد کو نکال کر زپوریزنیا کے قصبے میں پہنچا دیا ہے، جو اس محصور شہر سے تقریباً 230 کلومیٹر دورواقع ہے۔
ان اداروں کے توسط سے 29 اپریل کو انخلا کی مربوط کوششیں کی گئی تھیں۔ پہلے مرحلے کے دوران 101خواتین، مردوں، بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو ماریوپول میں ایزووسٹن اسٹیل پلانٹ کی خندقوں سے نکال کر باہر لایا گیا، جہاں وہ دو ماہ سے پھنسے ہوئے تھے، جب کہ ان کے شہر پو روسی أفواج کی بمباری جاری تھی۔
یوکرین کے لیے عالمی ادارہ صحت کی منیجر ، ڈورٹ نزان نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کا بندوبست کرنا ہوگا کہ ان نئے افراد کی جسمانی اور نفسیاتی ضرورت کو کس طرح پورا کیا جاسکے گا ، جنھیں رضاکار اور صحت کے کارکنان کی مدد حاصل ہے۔
زپوریزنیا کے استقبالیے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ جیسا کہ آپ کو پتا ہے کئی افراد اس علاقے سے اس لیے چلے گئے ہیں چونکہ لڑائی اور گولہ باری کے قریب رہنا مشکل تھا۔
نزان نے کہا کہ ماریوپول اور اس کے قریب واقع افراد زپوریزنیا آتے جاتے رہتے ہیں۔
روس کے ساتھ تمام مالی اور تجارتی لین دین بند کر دیا جائے، زیلنسکی کا مطالبہ
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ تمام بین الاقوامی مالی اور تجارتی لین دین بند کردے۔
منگل کے روز زوم پرالبانیہ کے پارلیمان سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے ، انھوں نے یورپ اور دنیا پر زور دیا کہ وہ روس سے تیل کی خریداری بند کردے ، روسی بینکوں سے لین دین ختم کیا جائے، روس کے ساتھ تجارت روک دی جائے، روسی سمندری جہازوں کے لیے بندرگاہیں بند کی جائیں اور روسی سیاحوں کی تعداد کم کر دی جائے، چونکہ، بقول ان کے، آپ کو نہیں معلوم کہ کون آ رہا ہے، قیدخانوں میں ڈالنے والا قاتل یا پھر ماریوپول کا جلاد؟
زیلنسکی نے کہا کہ یہ بات انتہائی نامناسب ہے کہ اقوام متحدہ روس سے 2.5 ارب ڈالر کا مال خرید رہا ہے جسے انسانی ہمدردی کی بنیاد کے کاموں پر صرف کیا جائے گا۔
انھوں نے مغربی بلقان کے چھوٹے ملک کی جانب سے خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حمایت پر اس کا شکریہ ادا کیا، جہاں وہ عارضی رکن تھا۔
البانیہ کے وزیر اعظم ادی راما نے کہا کہ ہماری تاریخ یہ رہی ہے کہ جب پانچ لاکھ البانوی لوگوں کی نسل کشی کرتے ہوئے کوسوو نے انھیں زبردستی ملک بدر کردیا تھا، اس وقت یوکرین ہی تھا جس نے ہمارے لوگوں کو پناہ دی تھی۔