غیر ملکی اسلحے کے شبہے میں روسی افواج کے یوکرین میں حملے
روسی افواج نے یوکرین بھر میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کا نشانہ غیر ملکی اور مغربی ممالک سے ہتھیاروں کی رسد کے ذرائع ہیں۔ یہ حملےایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب یورپی یونین نے بدھ کو یوکرین پر لڑائی مسلط کرنے کی پاداش میں ماسکو کو مزید سزا دینے کے لیے تیل کی درآمدات پر بندش کی تجویز کو حتمی شکل دی ہے۔
روسی فوج نے بدھ کو کہا ہے کہ اس نےسمندر اور فضا سے جدید میزائل داغ کر پانچ ریلوے اسٹیشنوں کو ہدف بنایا اور بجلی کی تنصیبات کو تباہ کیا، جب کہ توپ خانے اور لڑاکا طیاروں کی مدد سے فوج کےمضبوط ٹھکانوں اور گولہ بارود کے ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا۔
وزیر دفاع نے یہ بات دہرائی کہ ماریوپول میں ایک اسٹیل مل کو بند کرادیا گیا ہے ، جہاں سے بیسیوں شہریوں کو گزشتہ ہفتے نکال لیا گیا تھا۔ ایک اور اہل کار نے ا س بات کی تردید کی کہ تنصیب پر دھاوا بولا گیا ہے۔
دریں اثنا، یوکرینی حکام نے کہا ہے کہ مشرقی ڈوباس کے علاقے میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں 21 شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔
یوکرین کے معاملے پر پوپ فراینسس کی سفارت کاری تاحال غیرمؤثر
پوپ کی جانب سے اوتھوڈوکس ایسٹر پر یوکرین میں امن کی اپیلوں پر کان نہیں دھرا گیا۔روسی قدامت پسند چرچ کے سربراہ کے ساتھ ان کی ملاقات کو منسوخ کیا گیا۔ ان کے مجوزہ دورہ ماسکو ہونا باقی ہے۔ یہاں تک کہ روس۔یوکرین دوستی کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوئیں۔
پوپ فرینسس یوکرین میں روسی لڑائی پر کسی قسم کا سفارتی اثر ڈالنے میں کامیاب نہیں ہوئے، بظاہر وہ کسی طرح کا اخلاقی اختیار استعمال کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے، نہ ہی ماسکو خونریزی بند کرنے یا کم از کم جنگ بندی پر تیار ہو سکا ہے۔
دوسری جانب پوپ کا سامنا ایک غیر معمولی صورت حال سے ہے۔ وہ روس اور صدر ولادیمیر پوٹن کا نام لے کر نہیں پکارتے۔ ان کا کہنا ہے کہ پوپ ایسا نہیں کیا کرتے؛ ساتھ ہی وہ روسی اوتھوڈوکس چرچ کے سربراہ کے ساتھ انتہائی خوش گوار تعلقات کا دفاع کرتے ہیں، جنھوں نے روحانی لحاظ سے لڑائی کو جائز قرار دیا ہے
بحیرہ اسود میں کھڑی آبدوز سے یوکرین کے اہداف پر دو میزائل داغے گئے ہیں، روس
روس نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کے روز بحیرہ اسود میں موجود آبدوز سے یوکرین کےاہداف پر دو کیلبر کروز میزائل داغے ہیں، ساتھ ہی اس انتباہ کا اعادہ کیا کہ وہ نیٹو کی جانب سے یوکرین کو بھیجے جانے والے اسلحے کو نشانہ بنائے گا۔
روسی وزارت دفاع نے بحیرہ اسود سے کروزمیزائل چلائے جانے کی ایک ویڈیو فٹیج شائع کی ہے اور دعویٰ کیا کہ یہ میزائل یوکرین کے نامعلوم زمینی اہداف کو لگے ہیں۔
اس سے قبل 29 اپریل کو روس نے کہا تھا کہ اس نے ایک آبدوز سے میزائل حملے کیے تھے۔
بدھ ہی کے روز وزیر دفاع سرگئی شوگو نے اس انتباہ کا اعادہ کیا کہ روس مغربی ملکوں کی جانب سے یوکرین کے لیے بھیجے گئے بحری جہازوں کو نشانہ بنائے گا جواسلحے کی کمک لاتے ہیں، اور جس رسد میں حالیہ ہفتوں کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے۔
وزارت دفاع کے اہلکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، شوگو نے کہا کہ ''امریکہ اور اس کے نیٹو کے اتحادی یوکرین کو ہتھیار اور گولہ بارود فراہم کر رہے ہیں''۔ یہ اجلاس ایسے وقت منعقد کیا گیا جب یوکرین کے خلاف روس کی ‘خصوصی فوجی کارروائی ‘کو 70 دن ہوچکے ہیں۔
یورپی یونین کی روس سے تیل کی خریداری پر پابندی کی سفارش
یورپی یونین نے روس کی یوکرین میں جارحیت کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کے لیے نئی تجاویز متعارف کرا دی ہیں جن میں روس سے تیل کی خریداری پر پابندی کی سفارش بھی شامل ہے۔
یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وان ڈیئر لین نے روس کے خلاف نئی تجاویز کا اعلان کیا جن میں چھ ماہ کے اندر خام تیل کی خریداری پر پابندی جب کہ رواں برس کے اختتام تک ریفائنڈ تیل کی درآمد پر پابندی بھی شامل ہے۔
منگل کو یورپین پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے یونین کی سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ اُن رکن ممالک کے لیے بہت مشکل فیصلہ ہو گا جن کا روس سے درآمد کیے گئے تیل پر انحصار کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ روس پر مرحلہ وار پابندیوں کا مقصد یورپی ممالک کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ متبادل ذرائع سے اپنی توانائی کی ضروریات پوری کر سکیں۔