کینیڈا کے وزیر اعظم کا یوکرین کا غیر اعلانیہ دورہ
کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے اتوار کو یوکرین کے دارالحکومت کیف کا غیر اعلانیہ دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی۔
کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق ٹروڈو نے کینیڈین سفارت خانہ دوبارہ کھولا اور سفیر کا بحران زدہ دارالحکومت میں واپسی کا خیرمقدم کیا۔
دورے کے دوران ٹروڈو کیف کے مضافاتی علاقے ارپن کے پاس بھی رکےجسے جنگ کے آغاز میں روس نے تباہ کر دیا تھا۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کی یوکرین کے قصبے میں اسکول پر حملے کی مذمت
اقوام متحدہ کے سربراہ نے یوکرین کے قصبے بلوہوریوکا کے ایک اسکول پر مبینہ حملے کو خوفناک قرار دیا ہے کیونکہ اس جگہ پر بہت سے لوگ بظاہر لڑائی سے پناہ مانگ رہے تھے۔
عالمی ادارے کے ترجمان نے اتوار کو کہا کہ سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔
ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے جنگ کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق یوکرین میں امن قائم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور یوکرین میں اس کے انسانی ہمدردی کے شراکت دار ان لوگوں کی مدد جاری رکھیں گے جن کی زندگی جنگ سے تباہ ہو چکی ہے۔
امریکی سفارت کاروں کی تین ماہ بعد کیف سفارت خانے میں واپسی
تقریباً تین ماہ کے بعدامریکی سفارت کار روسی حملوں سے نبردآزما ملک یوکرین کے دارالحکومت کیف میں اتوار کو سفارت خانے میں واپس آ گئےہیں۔
کیف واپسی پر امریکی چارج ڈی افیئر کرسٹینا کیوین نے سفارت خانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یوکرین کے ساتھ حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لکھا: "ابھی ابھی کیف پہنچی ہوں! یومِ یورپ میں فتح کے موقع پر واپس آکر خوشی ہوئی۔ سلوا یوکرینی! ہم #یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں"
امریکی سفارت کاروں کی واپسی کا مقصد یوکرین کے دارالحکومت پر قبضہ کرنے میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی ناکامی کو اجاگر کرناہے۔
سی بی ایس نیوز چینل نے محکمۂ خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکی سفارت خانہ کیف میں مکمل طور پر دوبارہ کام شروع کرنے اور آئندہ ہفتوں میں وہاں قومی پرچم بلند کرنے کی امید رکھتا ہے۔
روس کی افواج کی اسکول پر بمباری، 60 پناہ گزینوں کی ہلاکت کا خدشہ
یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ روس کی فوج نے لوہانسک میں بمباری میں ایک اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔
حکام کے مطابق اس اسکول میں 90 افراد نے پناہ لی ہوئی تھی۔
ایک مقامی عہدیدار کے مطابق 30 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے تاہم دو افراد کی لاشیں وہاں سے ملی ہیں۔
عمارت کے ملبے تلے دبے 60 افراد کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔