رسائی کے لنکس

یوکرین کے بحری ہیڈکوارٹر پر روس کے حامیوں کا قبضہ


اس موقع پر تشدد کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور وہاں موجود یوکرین کے اہلکاروں نے بھی کسی طرح کی مزاحمت نہیں کی۔

روس کی حامی فورسز نے کرائمیا کے خطے سیواستوپول میں یوکرین کی بحریہ کے ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا ہے۔ ایک روز قبل ہی روس نے مقامی عہدیداروں کے ساتھ کرائمیا کو روس کا حصہ بنانے کے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ بدھ کو ‘‘غیر مسلح فورسز’’ اڈے میں داخل ہوئیں اور وہاں روس کا پرچم لہرا دیا۔ اس موقع پر تشدد کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور وہاں موجود یوکرین کے اہلکاروں نے بھی کسی طرح کی مزاحمت نہیں کی۔

کرائمیا میں اتوار کو ہونے والے ریفرنڈم میں اکثریت نے روس سے الحاق کے حق میں ووٹ دیا تھا جس کے بعد روسی صدر ولادیمر پوٹن کا یہ بیان بھی سامنے آچکا ہے کہ کرائمیا ہمیشہ ہی سے روس کا ‘‘اٹوٹ انگ’’ رہا ہے۔

کرائمیا کو روس کا حصہ بنانے کے صدر پوٹن کے اقدام پر امریکہ اور یورپی یونین سخت برہم ہیں اور انھوں نے اس ریفرنڈم کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے روس پر تعزیرات بھی عائد کی ہیں۔

تاہم صدر پوٹن ریفرنڈم کو جمہوری اور بین الاقوامی روایات کے مطابق قرار دے چکے ہیں۔

ایک روز قبل پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے سوویت یونین کے رہنما نیکیتا خروشچیف کو 1954ء میں کرائمیا کو یوکرین کے حوالے کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

صدر پوٹن کے بقول 1991ء میں یوکرین کی آزادی کے وقت کرائمیا کو اس کا حصہ بنایا جانا ایسا ہی تھا کہ جیسے روس کو ‘‘لوٹ’’ لیا گیا ہو۔

امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری نے واشنگٹن میں ایک یونیورسٹی کے طلبا کے ایک گروپ سے گفتگو میں کہا کہ وہ پوٹن کی حقائق سے متعلق وضاحتوں پر حیران اور مایوس ہوئے ہیں۔

کیری کا کہنا تھا کہ روس تاریخ کی غلط سمت میں ہے، اور جب کوئی خطہ کسی ملک سے علیحدہ ہوتا ہے تو یہ آئین کے مطابق ہوتا ہے ناکہ بندوق کی زور پر۔

لیکن روس کی طرف سے ایسے کوئی اشارے نہیں ملے کہ وہ اس اقدام سے پیچھے ہٹے گا۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے منگل کو کیری سے فون پر بات چیت میں کہا کہ روس پر امریکی پابندیاں ناقابل قبول ہیں اور ان کے ‘‘نتائج’’ برآمد ہوں گے۔
XS
SM
MD
LG