رسائی کے لنکس

کرائمیا میں روس کا مزید یوکرینی فوجی اڈوں پر قبضہ


پیر کے روز امریکی محکمہٴخارجہ نے روس سے مطالبہ کیا کہ اِس بات کا ثبوت پیش کرے کہ یوکرین کے بحران کے خاتمے کے لیے، وہ امریکہ کی پیش کردہ سفارتی تجاویز پر نتیجہ خیز بات کرنے پر آمادہ ہے

پیر کے دِن روس نے یوکرین میں دائیں بازو کے سرگرم کارکنوں اور کئیف کی حکومت میں مغرب کے حامیوں پر الزام لگایا کہ اُنھوں نے مشرقی یوکرین کے روسی بولنے والوں کے اندر انتشار پھیلایا ہے، ایسے میں جب روس نواز افواج کرئمیا کے جزیرہ میں یوکرین کے فوجی اڈوں پر قبضہ جمانے کی کارروائی جاری رکھی۔

روسی وزارتِ خارجہ کا ایک بیان جِس میں ’رائیٹ سیکٹر‘ نامی قدامت پسند یوکرینی ٹولے کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ہے، اُس میں مغربی ممالک پر تشدد کے واقعات کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یوکرین کے محکمہٴدفاع نے کہا ہے کہ وردیاں پہنے ہوئے مسلح افراد نے چَرنومورسکی میں واقع کرئمیائی بحریہ کے اڈے اور سِمفروپول کے فوجی اسپتال کو گھیرے میں لے کر قبضہ کر لیا۔

’نیویارک ٹائمز‘ کا کہنا ہے کہ چَرنومورسکی میں ایک مقامی شخص کا انٹرویو جاری تھا کہ ایسے میں پولیس نے دھاوا بول دیا، نامہ نگاروں کو دھمکیاں دی گئیں اور اُن کےخبروں کے نوٹ چھین لیے گئے۔

یوکرین کے عبوری وزیر اعظم، آرسنی یتسینکو بدھ کے روز وائٹ ہاؤس میں صدر براک اوباما سے ملاقات کریں گے۔ پیر کو جاری ہونے والے وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں امریکہ یوکرین کے عوام کے لیے مضبوط حمایت کا اعادہ کرے گا، جب کہ بات چیت کے دوران معاشی امداد اور یوکرین میں مئی میں ہونے والے انتخابات کی تیاریوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

امریکی محکمہٴخارجہ نے پیر کے دِن روس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کا ثبوت پیش کرے کہ یوکرین کے بحران کے خاتمے کے لیے، وہ امریکہ کی پیش کردہ سفارتی تجاویز پر نتیجہ خیز بات کرنے پر آمادہ ہے۔ خاتون ترجمان، جین ساکی نے یہ بھی کہا کہ عین ممکن ہے کہ اِسی ہفتے امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے روسی ہم منصب، سرگئی لاوروف سے ملاقات کریں، اگر اُنھیں اِس بات کا یقین ہوجائے کہ روس بامقصد بات چیت پر تیار ہے۔

ادھر، روسی ٹیلی ویژن پر تقریر کرتے ہوئے، لاوروف نے اس بات کی شکایت کی کہ امریکی تجاویز ریاستی انقلاب کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کو بنیاد بنا کر بات چیت آگے بڑھانے کی ایک کوشش کے مترادف ہے۔ روس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یوکرین کے سابق صدر، وِکٹر یانوکوچ کو معزول کرنا، ریاست کے حقیقی سربراہ کو غیرقانونی طور پر ہٹانے کے مترادف ہے۔

روسی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ مسٹر یانوکوچ منگل کے روز دوسری بار پبلک میں نظر آئیں گے، جنھیں گذشتہ ماہ دارالحکومت میں ہونے والے حکومت مخالف احتجاج کے بعد جان بچا کر بھاگنا پڑا تھا۔

پیر کے روز کئیف میں، یوکرین میں تعنات امریکی سفیر جیوفری پئیٹ نے بھی اِس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ اتوار کو ہونے والے کرئمیا کے ریفرینڈم کو تسلیم نہیں کرے گا، جس میں یہ سوال اٹھایا گیا ہے آیا یہ جزیرہ روس میں شمولیت اختیار کرے گا یا زیادہ خودمختاری کے ساتھ یوکرین کا حصہ رہنا پسند کرے گا۔
XS
SM
MD
LG