رسائی کے لنکس

سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل فونز کی خاص بات کیا ہے؟


کمپنی نے فولڈ ایبل موبائل فونز سمیت گلیکسی بڈز 2 پرو اور گلیکسی واچ فائیو اور فائیو پرو بھی پیش کی ہے۔
کمپنی نے فولڈ ایبل موبائل فونز سمیت گلیکسی بڈز 2 پرو اور گلیکسی واچ فائیو اور فائیو پرو بھی پیش کی ہے۔

جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی 'سام سنگ' نے اپنے نئے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز گلیکسی زی فولڈ4 اور گلیکسی زی فلپ4 متعارف کرا دیے ہیں۔

کمپنی نے بدھ کو نہ صرف دو نئے فولڈ ایبل فونز متعارف کیے بلکہ جدید گلیکسی بڈز 2 پرو اور گلیکسی واچ فائیو اور فائیو پرو بھی پیش کی۔

اس سال پیش کیے جانے والے ان دونوں فونز میں بھی آئی پی ایکس 8 کی ریٹنگ ہے یعنی یہ فونز 30 منٹ تک ڈیڑھ میٹر پانی میں بھی رکھے جاسکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق 'نئے زی فولڈ 4 میں دو اسکرینز موجود ہیں، پہلی اسکرین جو موبائل کو فولڈ کرکے استعمال کرتے وقت کام آئے گی اس کا سائز چھ اعشاریہ دو انچ رکھا گیا ہے جب کہ موبائل کی مرکزی اسکرین سات اعشاریہ چھ انچ ہے۔ یہ دونوں اسکرینز 120 ہٹز کے ریفریش ریٹ سے لیس ہیں۔

فون میں کیمروں کو ماضی کے مقابلے میں مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ یہ اسمارٹ فون 50 میگا پکسل کے وائڈ، 12 میگا پکسل کے الٹرا وائڈ، 10 میگا پکسل کےٹیلی فوٹو کیمرے سے لیس ہےجب کہ اس فون میں 4 میگا پکسل کا انڈر ڈسپلے اور 10 میگا پکسل کا کور کیمرا بھی موجود ہے۔

سام سنگ نے اپنے اس فلیگ شپ فون کو ماضی کے برعکس زیادہ مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے اور اس میں آرمر المونیم ، گوریلا گلاس وکٹس پلس کا استعمال کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ زی فولڈ 4 میں اسنیپ ڈریگین کا 8 پلس جین 1 چپ سیٹ لگایا گیا ہے جس کے ساتھ کم از کم 12 جی بی ریم کا آپشن دیا گیا ہے جب کہ 256 جی بی اسٹوریج کے ذریعے بڑی فائلز، تصاویر یا ویڈیوز آسانی سے محفوظ کی جاسکیں گی۔ یہی نہیں صارفین کے پاس اسٹوریج کو 512 جی بی اور ایک ٹی بی تک بڑھانے کا آپشن بھی موجود ہے۔

زی فولڈ 4 میں بھی ایس پین کی سہولت موجود ہے جس سے صارف کوئی بھی نوٹ یا تحریر باآسانی اسمارٹ فون پر لکھ سکیں گے۔

یہ فون تین مختلف رنگوں فینٹم بلیک، گرے گرین اور خاکستری میں دستیاب ہو گا۔ اس فون کی قیمت ایک ہزار 799 ڈالر رکھی گئی ہے۔تاہم صارف کو زیادہ اسٹوریج کے لیے اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔

سام سنگ کا یہ فون 26 اگست سے امریکہ، یورپ کے مختلف حصوں اور جنوبی کوریا میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

زی فلپ 4

کمپنی نے ایونٹ میں زی فلپ4 کو بھی متعارف کرایا ہے۔ یہ فون فولڈ 4کے مقابلے میں سائز میں کافی چھوٹا ہے۔

اس کی مرکزی اسکرین کا سائز چھ اعشاریہ سات انچ ہے جو 120 ہٹز کے ریفریش ریٹ پر بھی چل سکتا ہے جب کہ دوسری اسکرین ایک اعشاریہ نو انچ کی رکھی گئی ہے۔

گلیکسی فلپ 4 میں 12 میگا پکسل کے دو کیمرے موجود ہیں جب کہ اس موبائل سے 10 میگا پکسل کی سیلفی بھی لی جاسکتی ہے۔

کمپنی نے فلپ4 میں آرمر المونیم اور گوریلا گلاس وکٹس کا استعمال کیا ہے جو کمپنی کے مطابق سب سے مضبوط المونیم فریم ہے۔

اگر اس موبائل فون کی اسپیڈ کی بات کی جائے تو اس میں بھی اسنیپ ڈریگین کا 8 پلس جین 1 چپ سیٹ لگایا گیا ہے جس کے ساتھ کم از کم 8جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کا آپشن دیا گیا ہے۔ صارف اسٹوریج کو 256 اور 512 جی بی تک بڑھا سکتے ہیں۔

یہ فون بورا پرپل، گریفائٹ، پنک گولڈ اور بلیو رنگ میں 26 اگست سے دستیاب ہوگا۔ کمپنی نے اس کے بیس ویریئنٹ کی قیمت 999 ڈالر رکھی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز کے مطابق سام سنگ کے ان دونوں فونز کی قیمت گزشتہ برس متعارف کرائے گئے فولڈ ایبل فونز کے برابر ہی ہے۔

ادھر گلوبل ریسرچ فرم 'کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ' نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں برس فولڈ ایبل فونز کی عالمی ترسیل ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ہو جائے گی۔ جو کہ رواں برس اسمارٹ فونز کی متوقع ایک اعشاریہ 36 ارب ترسیل کا 1.2 فی صد ہے۔

ان کے مطابق گزشتہ برس عالمی سطح پر 90 لاکھ فولڈ ایبل فونز کی ترسیل کی گئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رواں برس اسمارٹ فونز کی مارکیٹ سکڑتی ہوئی نظر آ رہی ہے کیوں صارفین اس سال کم خرچ کر رہے ہیں۔

تاہم تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا تھا اس کے مقابلے میں فولڈ ایبل فونز کی فروخت میں بہتری کا امکان ہے کیوں کہ اس کی بڑی اسکرین اور انوکھی شکل لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG