رسائی کے لنکس

سفیر رابن رافیل کی سرتاج عزیز سے ملاقات


سفیر رابن رافیل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، خاص طور پر اُنھوں نے معاشی اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان کے لیے امریکہ کے غیر عسکری ترقیاتی پروگراموں کی رابطہ کار سفیر رابن رافیل نے رواں ہفتے اسلام آباد میں اعلیٰ پاکستانی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت کی۔

سفیر رابن رافیل نے جمعہ کی شب پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور اُمور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے دفتر جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق امریکی عہدیدار نے دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کے حالیہ آپریشن کو سراہا۔ سفیر رابن رافیل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، خاص طور پر اُنھوں نے معیشت اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سفیر رابن رافیل نے رواں ہفتے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی تھی جس میں اقتصادی شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

اسحاق ڈار اور سفیر رابن رافیل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خاص طور پر دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے متعلق وسائل کے حصول کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے آٹھ اکتوبر کو ہونے والی امریکہ اور پاکستان کی ایک ’بزنس کانفرنس‘ کے بارے میں تفصیلات سے بھی انھیں آگاہ کیا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق سفیر رابن رافیل تواتر سے پاکستان کے دورے پر آتی رہی ہیں، اس سے قبل اُنھوں نے مئی 2014ء میں اسلام آباد میں اعلیٰ پاکستانی عہدیداروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔

XS
SM
MD
LG