رسائی کے لنکس

سعودی عرب: بداوی کو بیچ بازار 50 دُرے لگائے گئے


فائل
فائل

بین الاقوامی قانون کوڑوں کی سزا اذیت دینے کی تمام ظالمانہ سزاؤں، غیرانسانی یا ذلت آمیز سلوک پر مکمل پابندی عائد کرتا ہے: ایمنسٹی انٹرنیشنل

سعودی عرب کے ایک لبرل بلاگر، جن کو اسلام کی بے حرمتی کے الزام پر سزا سنائی گئی تھی، اُنھیں کھلے عام دُروں کی سزا دی گئی ہے، باوجود یہ کہ امریکہ اور انسانی حقوق کے گروہوں کی طرف سے اس سخت سزا کی مذمت کی گئی تھی۔


عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رئیف بداوی کو جمعے کے روز اُس وقت 50 کوڑے لگائے گئے، جسے بحر احمر کے کنارے واقع شہر، جدہ کی ایک مسجد کے پاس نمازیوں کے اجتماع کے سامنے کوڑے مارے گئے۔

بداوی خودساختہ ’لبرل سعودی نیٹ ورک‘ کے شریک بانی ہیں، جنھیں سنہ 2012 میں گرفتار کیا گیا۔ اُنھیں 10 برس قید اور 1000 دُروں کی سزا سنائی گئی تھی۔ اُن پر اسلام کو بدنام کر نے سمیت کئی الزامات تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اُنھیں دی گئی سزا پر مکمل عمل درآمد تک ہفتہ وار 50 کوڑے مارے جائیں گے، اور یہ سلسلہ 20 ہفتے جاری رہے گا۔

اُن پر 266000 ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہٴخارجہ نے سعودی حکام سے 1000 دُروں کی سزا منسوخ کرنے کے لیے کہا ہے۔

خاتون ترجمان، جین ساکی نے سزا کو ’ظالمانہ‘ اور ’غیرانسانی‘ فعل قرار دیا ہے، اور سعودی اہل کاروں پر زور دیا ہے کہ بداوی کے مقدمے اور سزا پر نظرثانی کی جائے۔

ترجمان کے بقول، ’ہمیں اِن اطلاعات پر سخت تشویش ہے کہ انسانی حقوق کے سرگرم کارکن رئیف بداوی کو 1000 دُروں کی غیرانسانی سزا پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ علاوہ اس کے، اُنھیں 10 برس کی قید کاٹنی ہوگی، جو آزادی اظہار اور مذہب کے اپنے حق کا استعمال کر رہے تھے‘۔

اُنھوں نے کہا کہ، ’امریکہ نے سعودی حکام سے یہ ظالمانہ سزا منسوخ کرنے اور بداوی کے مقدمے اور سزا پر نظرثانی کرنے پر زور دیا ہے۔ امریکہ اُن قوانین کا سختی سے مخالف ہے، جن میں مرتد ہونے سے متعلق قوانین بھی شامل ہیں، جو اِن آزادیوں کو محدود کرتے ہیں، اور تمام ملکوں پر زور دیتا ہے کہ ایسے حقوق کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے‘۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قانون کوڑوں کی سزا اذیت دینے کی تمام ظالمانہ سزاؤں، غیرانسانی یا ذلت آمیز سلوک پر مکمل پابندی عائد کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG