امریکی محکمہٴ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’جیش محمد‘ متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہای ہے، اور اس سے علاقائی استحکام اور امن کو خطرہ لاحق ہے۔
ایک سوال کے جواب میں منگل کے روز معاون ترجمان، رابرٹ پلاڈینو نے کہا ہے کہ مسعود اظہر جیش محمد کے بانی اور سربراہ ہیں، جنھیں اقوام متحدہ نے دہشت گرد گروہ قرار دے رکھا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی کاوشوں کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور بھارت قریبی تعاون کرتے ہیں، جن کوششوں میں اقوام متحدہ بھی شامل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جیش محمد اور اس کے بانی کے بارے میں امریکہ کے خیالات سے سبھی آگاہ ہیں۔
جہاں تک اقوام متحدہ کی تعزیرات سے متعلق کمیٹی کا تعلق ہے، معاون ترجمان نے مزید کہا کہ کمیٹی کی کارروائی صیغہٴ راز کا معاملہ ہے، اس لیے، ہم ایسے معاملوں میں بیان نہیں دیا کرتے۔ لیکن، ترجمان نے کہا کہ ہم تعزیراتی کمیٹی سے مل کر کام جاری رکھیں گے، تاکہ دہشت گردی سے متعلق فہرست تازہ ترین اور درست رہے۔
چین کے بارے میں ایک سوال پر، ترجمان نے کہا کہ علاقائی استحکام اور امن کے حصول کے حوالے سے امریکہ اور چین کا باہمی مفاد یکساں ہے۔ اور، ترجمان نے کہا کہ مسعود اظہر کو دہشت گرد فہرست میں شامل کرنے میں کوتاہی ہدف کے حصول کے برخلاف ہوگی۔