رسائی کے لنکس

بین الاقوامی این جی اوز پاکستان میں نمایاں کام کرتی رہی ہیں: امریکہ


ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ’’ہم پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ سارے بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ واسطہ برقرار رکھا جائے، جو پاکستان کے تابناک مستقبل کے عزم میں شریک ہیں‘‘

امریکہ نے اِس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ کافی برسوں سے پاکستان میں کام کرنے والی 18 بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کو حکومت پاکستان کی جانب سے کام بند کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

منگل کے روز ایک اخباری بیان میں، امریکی محکمہٴ خارجہ کی خاتون ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ’’ہم پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ سارے بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ واسطہ برقرار رکھا جائے، جو پاکستان کے تابناک مستقبل کے عزم میں شریک ہیں‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’امریکہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے پاکستان میں ادا کردہ کلیدی کردار کو تسلیم کرتا ہے، جو پاکستانی اداروں سے مل کر کام کرتی ہیں۔ اس میں قدرتی آفات کے دوران امداد میں ہاتھ بٹانا، انسانی اور معاشی ترقی کے لیے کام کرنا، انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کو فروغ دینا شامل ہے‘‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ تنظیمیں، جو ملک بھر میں ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار بھی فراہم کرتی ہیں؛ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے ایک متحرک، صحتمند، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے نصب العین میں یقین رکھتی ہیں‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’ہم پاکستان کی ترقی کے لیے ان تنظیموں اور اُن کے ملازمین کی جانب سے کیے جانے والے کام پر اُن کا شکریہ بجا لاتے ہیں۔ ساتھ ہی ملک بھر کے عام پاکستانی مرد، خواتین اور بچوں کی زندگی میں بہتری لانے کے غیرمتزلزل عزم کو سر بلند رکھنے کو سراہتے ہیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG