بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں شکست کا ذمہ دار بیٹسمینوں کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاٹ کا انتخاب درست نہیں تھا۔ بیٹسمینوں نے ٹیم کو مایوس کیا۔
گزشتہ روز انٹیگا میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ کے حوالے سے میڈیا نمائندوں کو دیئے گئے انٹرویو میں بھارتی کپتان نے کہا ہے کہ ’’ہم نے بولنگ واقعی اچھی کی اور حریف ٹیم کو 189 تک محدود کر دیا۔ لیکن، ہمارا شاٹ سلیکشن درست نہیں تھا۔ اہم موقع پر بڑی وکٹیں گنوائیں۔‘‘
ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے بولرز کو کریڈٹ جاتا ہے۔ انہوں نے ڈاٹ بالز کرائیں جس سے ہمارے بیٹسمینوں پر دباؤ بڑھا اور غلطیاں کیں۔ ہمیں شکست کو پیچھے چھوڑ کر اگلے میچ پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔
ویسٹ انڈیز کے 190 رنز کے ہدف کے جواب میں بھارت کی ٹیم 178 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ یوں، ویسٹ انڈیز نے میچ 11 رنز سے اپنے نام کرلیا تھا۔
بھارت کو آخری اوور میں 14 رنز درکار تھے۔ لیکن، وہ صرف 2رنز ہی بنا پائی۔اجنکیا رہانے اور دھونی نے سست رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے بالترتیب 91گیندوں پر 60اور 114 گیندوں کا سامنے کرتے ہوئے 54 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے صرف 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جن میں آخری پانچ اوورز میں 4 وکٹیں شامل ہیں۔
دھونی نے 108 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی جو 2001 کے بعد سے اب تک ایک روزہ میچوں میں کسی بھی بھارتی بیٹسمین کی سست ترین نصف سنچری ہے۔
دھونی اور رہانے کے علاوہ ٹاپ فائیو بیٹسمینوں میں کوئی بھی ڈبل فگر میں اسکور نہ کرسکا۔ شیکھر دھون5 ، کوہلی 3 اور دنیش کارتھک صرف 2 رنز بنا سکے، جبکہ کوئی بھی بیٹسمین 20 سے زائد رن نہ بناسکا۔
پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں بھارت نے 2جبکہ ویسٹ انڈیز نے ایک میچ جیتا ہے، جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
سیریز کا آخری میچ 6جولائی کو کنگسٹن میں کھیلا جائے گا۔