رسائی کے لنکس

فرینچ اوپن: کیا دفاعی چیمپئن جوکووچ، نڈال کا گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ برابر کر پائیں گے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سال کا دوسرا بڑا گرینڈ سلیم فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اتوار سے فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہو رہا ہے جس میں سربیا کے نواک جوکووچ اور فرانس کی پیئر ہیوگ ہربرٹ اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے جب کہ شائقین نوجوان ٹینس اسٹار اسپین کے کارلوس ایلکاریز کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

اس سال فرینچ اوپن کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کیوں کہ اس میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نواک جوکووچ اور سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے رافیل نڈال ایک ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔

رواں سال کے آغاز میں ہونے والے آسٹریلین اوپن میں کرونا ویکسین نہ لگانے کی وجہ سے نواک جوکووچ شرکت نہیں کر پائے تھے جس کی وجہ سے وہ راجر فیڈرر کا سب سے زیادہ گرینڈ سلیم کا ریکارڈ نہیں توڑ سکے تھے۔

ان کی غیر موجودگی میں اسپین کے رافیل نڈال نے نہ صرف آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتا بلکہ 22واں گرینڈ سلیم ایونٹ جیت کر سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے کھلاڑی بن گئے۔

فرینچ اوپن ٹینس کے بعد آئندہ ماہ ویمبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ بھی کھیلا جائے گا لیکن اس میں روس اور بیلاروس کے ٹاپ کھلاڑی شرکت نہیں کرسکیں گے۔

ان پر یہ پابندی آل انگلینڈ کلب نے روس کی یوکرین کے خلاف جارحیت کی وجہ سے لگائی ہے۔

اس فیصلے کے بعد ٹینس کی عالمی تنظیم اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے اعلان کیا کہ ویمبلڈن سے حاصل ہونے والے پوائنٹس کو کھلاڑیوں کی انفرادی رینکنگ میں شامل نہیں کیا جائے گا جس کے بعد ویمبلڈن کی حیثیت ایک نمائشی ایونٹ جیسی ہوگی۔

جوکووچ نڈال کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے پر امید

اس بار چو کہ نواک جوکووچ فرینچ اوپن میں بطور دفاعی چیمپئن شرکت کررہے ہیں۔ ان کے مداح پر امید ہیں کہ 22واں گرینڈ سلیم ایونٹ جیت کر وہ ٹینس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے رافیل نڈال کا ریکارڈ برابر کردیں گے۔

جوکووچ جو آج اپنی 35ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اپنے حریف رافیل نڈال سے کچھ ماہ چھوٹے اور اس وقت بہترین فارم میں ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے فیورٹ بھی قرار دیے جا رہے ہیں۔

ان کی کامیابی میں سب سے بڑی رکاوٹ نڈال ہیں۔ جو جوکووچ کے دو فرینچ اوپن ٹائٹل کے مقابلے میں 13 مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔

اس بار اگر نواک جوکووچ ٹاپ سیڈ ہیں تو رافیل نڈال بھی پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں کا ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق مقابلہ کوارٹر فائنل میں ہوگا۔ جس میں سے کسی ایک کو کامیابی اور ایک کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایک انٹرویو میں سربین کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ اس سال بہترین ٹینس کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

ان کے بقول پیرس میں وہ ہمیشہ مضبوط حریف کے طور پر سامنے آتے ہیں اور گزشتہ سال انہوں نے اپنے کیرئیر کا سب سے مشکل ایونٹ جیتا تھا۔

دوسری جانب رافیل نڈال آسٹریلین اوپن جیتنے کے بعد سے مسلسل انجری کا شکار ہیں۔

ٹورنامنٹ کے دوران اپنی 36ویں سالگرہ منانے والے کھلاڑی نے گزشتہ ہفتے کم بیک تو کیا لیکن اٹالین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ ٹورنامنٹ بھی نواک جوکووچ نے جیت کر مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی۔

ایلکاریز کی موجودگی سے جوکووچ اور نڈال کو خوف زدہ ہونا چاہیے؟

انیس سال کے اسپینش ٹینس اسٹار کارلوس ایلکاریز کو ماہرین پہلے ہی مستقبل کا رافیل نڈال قرار دے چکے ہیں۔

اگر انہوں نے اپنی فارم کے مطابق میچز جیتے تو سیمی فائنل میں ان کا ٹاکرا رافیل نڈال اور نواک جوکووچ کے کوارٹر فائنل جیتنے والے کھلاڑی سے ہوسکتا ہے۔

کارلوس ایلکاریز نےاب تک رواں سیزن میں ایک دو نہیں بلکہ چار انٹرنیشنل ٹورنامٹ اپنے نام کیے ہیں جن میں میامی اور میڈرڈ میں اے ٹی ماسٹرز ٹائٹل کے ساتھ ساتھ ریو اور بارسلونا میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ بھی شامل ہیں۔

رافیل نڈال اور نواک جوکووچ کی طرح انہوں نے ابھی کوئی گرینڈ سلیم ایونٹ نہیں جیتا لیکن اس بار ماہرین انہیں ٹائٹل جیتنے کے لیے مضبوط امیدوار قرار دے رہے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے میڈرڈ ماسٹرز کے دوران کوارٹر فائنل میں نڈال اور سیمی فائنل میں جوکووچ کو تین تین سیٹس میں شکست دی تھی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ کارلوس ایلکاریز نے میڈرڈ ماسٹرز کے آخری تین دن ٹاپ فائیو میں موجود تین کھلاڑیوں کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

انہوں نے جمعے کو ورلڈ نمبر چار نڈال کو اور ہفتے کے روز ٹاپ سیڈ نواک جوکووچ کو شکست دینے کے بعد اتوار کے روز ورلڈ نمبر تین ایلیگزینڈر زویریو کو دو سیٹس میں ہرا کر میڈرڈ ماسٹرز کا ٹائٹل جیتا۔

رواں سال کے آغاز میں ایک انٹرویو میں رافیل نڈال نے یہ بھی کہا تھا کہ کارلوس ایلکاریز کو دیکھ کر انہیں اپنی جوانی یاد آجاتی ہے۔

نڈال کے مطابق اگر ان کی ٹیم ان کے ساتھ رہی اور انہوں نے سیکھنے کا عمل جاری رکھا تو ایک دن کارلوس ایلکاریزکا شمار دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوگا۔

نڈال کو میڈرڈ ماسٹرز میں زیر کرنے کے بعد ایونٹ کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر ایک پرانی تصویر پوسٹ کی جس میں نڈال کے ساتھ کارلوس ایلکاریز بطور مداح کھڑے ہیں۔

پاکستانی اسٹار اعصام الحق کی فرینچ اوپن میں شرکت

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق بھی اس بار فرینچ اوپن میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

مبصرین امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ اور ان کے ڈبلز پارٹنر قازغستان کے ایلکزینڈر نیدوویوسوو اپنی اچھی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے کم از کم کوارٹر فائنل تک پہنچیں گے۔

پیرس روانگی سے قبل 42 سالہ ٹینس کھلاڑی نے سوشل میڈیا پر ایک سیلفی پوسٹ کی جس میں انہوں نے فرینچ اوپن میں اپنی شرکت کی جانب اشارہ کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے اے ٹی پی ایونٹ لیوں اوپن کا سیمی فائنل کھیلنے والی یہ جوڑی اس بار فرینچ اوپن کے لیے بظاہر تیار نظر آرہی ہے۔

لیوں اوپن رولنڈ گیرس کی طرح آؤٹ ڈور کلے کورٹ پر کھیلا جاتا ہے اور اس میں بہتر کارکردگی سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔

اعصام الحق کی کوشش ہوگی کہ اس بار فرینچ اوپن میں 2012 کے مینز ڈبلز یا پھر 2013 اور 2019 کے مکسڈ ڈبلز جیسی کارکردگی دہرائیں جہاں انہوں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG