رسائی کے لنکس

شہباز شریف کی لندن آمد، بھابی کی میت پاکستان لے جائیں گے


فائل
فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، شہباز شریف غیر ملکی پرواز کے ذریعے بدھ کو لندن پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اپنی بھابھی، بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر پاکستان جائیں گے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق، وطن واپسی سے قبل، حسین اور حسن کے ہمراہ وہ ریجنٹ پارک میں ہونے والی نماز جنازہ میں شریک ہوں گے۔

اپنی آمد کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے، اُنھوں نے مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ ایک دلیر خاتون تھیں، جنھوں نے ہمیشہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا‘‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’’اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے، اور نواز شریف، مریم نواز اور دیگر سارے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے‘‘۔

اطلاعات کے مطابق، میت جمعے کی صبح لاہور پہنچائی جائے گی؛ جہاں اُسی روز شام پانچ بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

اہل خانہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لندن میں بیٹوں کو والدہ کا ’ڈیتھ سرٹیفیکٹ‘ موصول ہو گیا ہے۔

کئی ماہ تک کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد، منگل کو بیگم کلثوم نواز کا لندن کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG