رسائی کے لنکس

'داماد کے بعد اب سسر کی باری ہے فائنل جیتنے کی'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قطر میں جاری لیجنڈز کرکٹ لیگ 2023 کا فائنل پیر کو ایشیا لائنز اور ورلڈ جائنٹس کی ٹیموں کے درمیان دوحہ میں کھیلا جائے گا۔

سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی ایشیا لائنز کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ مخالف کی ٹیم کی قیادت حال ہی میں ریٹائر ہونے والے آسٹریلوی بلے باز ایرون فنچ کے پاس ہے۔

اس سیریز میں تیسری ٹیم انڈیا مہاراجاز کی تھی جس کی قیادت گوتم گمبھیر نے کی تھی۔ جسے ایلی منیٹر میچ میں ایشیا لائنز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

لیجنڈز کرکٹ لیگ میں وہ تمام کھلاڑی ایکشن میں نظر آرہے ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔

پیر کو ایشیا لائنز اور ورلڈ جائنٹس کے درمیان فائنل سے قبل سابق فاسٹ بالر شعیب اختر کی شیئر کردہ ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کے شاہد آفریدی کے ساتھ ایک دلچسپ مکالمہ ہے۔

یہ ویڈیو انہوں نے ٹیم بس میں ایلی منیٹر میچ کے بعد بنائی تھی جس میں شاہد آفریدی نے اعلان کیا کہ ا ن کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

شعیب اختر نے شاہد آفریدی کو یاد دلایا کہ ان کے داماد شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کا فائنل جیت چکی ہے جس پر شاہد آفریدی نے کہا کہ 'اب فائنل جیتنا بہت ضرور ی ہے، اب تو ٹسل ہوگئی ہے۔ وہ (شاہین آفریدی)جیت سکتا ہے تو ہم بھی جیت سکتے ہیں۔'

شاہد آفریدی نے اس ویڈیو میں نظر آنے والے عبدالرزاق، مصباح الحق، سہیل تنویر سمیت تمام کھلاڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میرے پاس ساری پرانی بندوقیں ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ سب چلتی ہیں۔'

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے ہفتے کو پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رنز سے شکست دی تھی۔ اس کامیابی کے بعد شاہین شاہ آفریدی پی ایس ایل ٹائٹل کا دفاع کرنے والے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔

شاہین آفریدی کی رواں برس فروری میں ہی شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا سے شادی ہوئی ہے۔ شادی کے فوراً بعد ہی ان کی کرکٹ کی مصروفیات بڑھ گئی تھیں جب کہ ان کے سسر شاہد آفریدی بھی قطر میں لیجنڈز لیگ میں مصروف ہیں۔

ایشیا لائنز کے پاس حال ہی میں ریٹائر ہونے والے محمد حفیظ اور سہیل تنویر ہیں جب کہ محمد عامر بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔ سری لنکا کے اپل تھرانگا اور تھیسارا پریرا کے ساتھ ساتھ تلکراتنے دلشن بھی اس ٹیم میں شامل ہیں جب کہ افغانستان کے اصغر افغان بھی ایشیا لائنز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ایرون فنچ کی قیادت میں ورلڈ جائنٹس کے اسکواڈ میں شین واٹسن، بریٹ لی، ہاشم آملہ، یاک کیلس، کیون او برائن ، راس ٹیلر، کرس گیل اور ٹینو بیسٹ شامل ہیں۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG