رسائی کے لنکس

امریکہ کو سفارشات پر غور کے لیے وقت درکار ہوگا، شیری رحمٰن


امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمٰن نے منگل کی شام پاکستان روانگی سے قبل کہا کہ پاکستانی پارلیمان میں امریکہ سے تعلقات کی شرائط منظور ہونے کے بعد امریکہ کو بھی ان پر غور کرنے کے لیے وقت درکار ہوگا۔

پاکستانی سفیر کے اس دورے کا مقصد پارلیمان میں امریکہ اور نیٹو سے اشتراک عمل کی شرائط پر ہونے والی بحث کے دوران واشنگٹن کے تازہ ترین ماحول اور صورتحال سے دفتر خارجہ اور متعلقہ حکام کو آگاہ کرنا ہے۔

امریکہ کے ابتدائی رد عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کے لیے بھی یہ چیز نئی ہے کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کسی کی فون کال کے جواب میں نہیں بلکہ پارلیمان میں بحث کر کے بنا رہا ہے۔ لیکن اس کے باوجود امریکہ بہت تحمّل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

شیری رحمان کا یہ بھی خیال تھا کہ اگرچہ اس سارے عمل میں وقت لگ رہا ہے لیکن اس کے نتیجے میں زیادہ شفّاف تعلقات سامنے آئیں گے جن میں عوام کے نمائندوں اور عوام کی مرضی شامل ہو گی۔

ڈرون حملوں پر ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پارلیمان کی ہدایات ملنے کے بعد پاکستان کسی ایسی پالیسی کی اجازت نہیں دے گا جو عوام کی خواہشات کے خلاف ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ اس پر متّفق ہیں کہ خطے میں امن اور افغانستان میں استحکام ہونا چاہیئے۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG