رسائی کے لنکس

زیادہ شادیاں کرنے والے شوبز اسٹارز


الزبتھ ٹیلر اور رچرڈ برٹن ، فائل فوٹو
الزبتھ ٹیلر اور رچرڈ برٹن ، فائل فوٹو

شوبزنس میں کئی شادیاں کرنا عام بات ہے۔ شاید اسی لیے لائف پارٹنر کی بجائے صرف پارٹنر کا رواج عام ہو گیا ہے۔ مشہور اداکار ہی نہیں، ڈائریکٹرز، گلوکار اور دوسرے فنکار بھی وقتی محبت کے تحت گھر بساتے اور علیحدگی اختیار کرتے رہتے ہیں۔

سیلی بریٹیز کی دنیا میں چونکہ ریکارڈز کا اکثر ذکر کیا جاتا ہے، مثلاً سب سے زیادہ ایوارڈ جیتنے کا ریکارڈ، سب سے زیادہ باکس آفس کمائی کا ریکارڈ، تو آج ہم جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ سب سے زیادہ شادیاں کرنے کی فہرست میں کون کون شامل ہے اور ریکارڈ کس کے نام ہے۔

پانچ شادیاں کرنے والوں کی فہرست اتنی طویل ہے کہ سب کے نام بھی نہیں لیے جا سکتے۔ چند بڑے ناموں میں مارٹن اسکورسیسی، جیمز کیمرون، جان ہسٹن، ریٹا ہے ورتھ، کیری گرانٹ، ہنری فونڈا، رچرڈ برٹن، کلارک گیبل اور شان بین شامل ہیں۔

ڈائریکٹر مارٹن اسکورسیسی کو دنیا ریجنگ بل، ٹیکسی ڈرائیور، گینگز آف نیویارک، گڈ فیلاز اور دا آئرش مین جیسی فلموں کی وجہ سے جانتی ہے۔ جیمز کیمرون ٹائی ٹینک اور ایواٹار جیسی فلموں کے لیے مشہور ہیں۔ جان ہسٹن نے دا مالٹیز فیلکن، ڈا ٹریژر آف سئیرا میڈرے اور دا افریقن کوئن جیسی فلمیں بنائی تھیں۔

پرنس کریم کے والد علی خان اداکارہ ریٹا ہے ورتھ کے ساتھ شادی کی دستاویز پر دستخط کرتے ہوئے
پرنس کریم کے والد علی خان اداکارہ ریٹا ہے ورتھ کے ساتھ شادی کی دستاویز پر دستخط کرتے ہوئے

ریٹا ہے ورتھ وہی اداکارہ ہیں جن سے پرنس کریم آغا خان کے والد پرنس علی خان نے شادی کی تھی اور ان سے ایک بیٹی پرنسس یاسمین بھی ہیں۔ کیری گرانٹ نے نارتھ بائے نارتھ ویسٹ، ہنری فونڈا نے دا لیڈی ایو اور 12 اینگری مین میں اور کلارک گیبل نے گون ودھ دا ونڈ، اٹ ہیپنڈ ون نائٹ اور میوٹنی آن دا باؤنٹی جیسی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ شان بین دا لارڈ آف دا رنگز اور گیم آف تھرونز کے اہم اداکاروں میں شامل تھے۔

چھ شادیاں کرنے والوں میں ریکس ہیری سن، میل ہیرس، میگڈا گیبور، کلاڈ رینز، اسٹین لوریل، بورس کارلوف، جوزفین بیکر، رو میک کلیناہن، ٹونی کرٹس، ہیڈی لیمر اور فریڈ بیری شامل ہیں۔

ریکس ہیری سن نے مائی فئیر لیڈی میں استاد کا کردار نبھایا تھا۔ ٹونی کرٹس سم لائیک اٹ ہاٹ اور اسپارٹیکس میں کام کیا تھا۔

سات شادیاں کرنے والوں میں مارتھا رائے، رابرٹ ایونز، جیری لی لوئیس، گریگ آل مین اور کامیڈین رچرڈ پرائیر، آٹھ شادیاں کرنے والوں میں آرٹی شا، لانا ٹرنر، مکی رونی، الزبتھ ٹیلر اور لیری کنگ شامل ہیں۔

پاکستان میں اگر کسی سے پوچھا جائے کہ سب سے زیادہ شادیاں کس فنکار نے کی ہیں تو زیادہ امکان یہی ہے کہ جواب ملے گا، الزبتھ ٹیلر نے۔ ان کی یادگار فلموں میں قلوپطرہ، جائنٹ، بٹرفیلڈ 8 اور ہوز افریڈ آف ورجینیا وولف شامل ہیں۔

الزبتھ ٹیلر نے آٹھ شادیاں کی تھیں جن میں رچرڈ برٹن سے دو بار شادی شامل تھی۔ پہلی بار شادی دس سال چلی لیکن دوسری بار دونوں ایک سال سے زیادہ ساتھ نہ رہ سکے۔ الزبتھ ٹیلر نے شادیاں آٹھ کیں لیکن طلاقیں سات ہوئیں کیونکہ ان کے ایک شوہر مائیک ٹوڈ شادی کے ایک سال بعد ایک طیارے کے حاثے میں انتقال کر گئے تھے۔ مائیک ٹوڈ فلمساز تھے اور ان کی فلم اراؤنڈ دا ورلڈ ان ایٹی ڈیز کو آسکر ملا تھا۔

پاکستان میں سی سی این کی وجہ سے پہچانے جانے والے لیری کنگ نے الزبتھ ٹیلر کی طرح آٹھ شادیاں کیں جن میں الین ایکنز سے دو بار شادی شامل ہے۔ پہلی بار دو سال اور دوسری بار پانچ سال کے بعد دونوں علیحدہ ہو گئے۔ لیری کنگ نے آخری شادی 1997 میں شان ساؤتھ وک سے اس وقت کی جب وہ دل کے آپریشن کے لیے اسپتال میں داخل تھے۔ یہ شادی 22 سال چلی لیکن گزشتہ سال اس کا بھی انجام ہو گیا۔ یہ کہنا دشوار ہے کہ 86 سالہ لیری کنگ ایک اور شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا نہیں۔

اداکارہ ژاژا گیبور
اداکارہ ژاژا گیبور

شوبزنس کی وہ شخصیت جس نے سب سے زیادہ شادیاں کیں، الزبتھ ٹیلر اور لیری کنگ نہیں، ژاژا گیبور ہیں۔ وہ بوڈاپسٹ میں پیدا ہوئیں اور 1936 میں مس ہنگری منتخب کی گئیں۔ پھر امریکہ چلی آئیں جہاں انھیں ہالی ووڈ میں کام تو ملا لیکن وہ چند ایک فلموں کے سوا مرکزی کردار حاصل نہ کر سکیں۔ لیکن انھیں ایک دو نہیں، نو مردوں نے اپنی زندگی کا مرکزی کردار بنایا۔

ژاژا گیبور ہمیشہ کہتی تھیں کہ عورت کو محبت کی شادی کرنی چاہیے۔ انھوں نے 1935 سے 1985 تک پچاس سال میں آٹھ شادیاں کیں اور سب ناکام رہیں۔ ان میں ہلٹن ہوٹلز کے بانی کونراڈ ہلٹن سے شادی شامل تھی جو پانچ سال میں ختم ہوئی۔ ژاژا نے آخری شادی 79 سال کی عمر میں بزنس مین فریڈرک پرنز وون اینہالٹ سے کی اور وہ 20 سال ان کے انتقال تک چلی۔

XS
SM
MD
LG