اٹلی کے شمالی علاقے میں ایک بس حادثے میں 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ بس ایک شاہراہ پر نصب رکاوٹوں سے ٹکرائی جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
پولیس کے عہدیدار جیرولامو لاکوانیتی نے کہا کہ اس حادثہ میں کوئی اور گاڑی شامل نہیں تھی لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ یہ بس شاہراہ پر نصب رکاوٹوں سے کیوں ٹکرائی۔
بس میں ہنگری کے ایک اسکول کے طلبہ سوار تھے جو فرانس کا سیاحتی دورے کرنے کے بعد بوڈاپیسٹ جا رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ کئی مسافر بس سے باہر جا گرے۔ بس میں سوار مسافروں میں سے 39 کو بچالیا گیا ہے جن میں 26 افراد زخمی بھی ہیں۔
ہنگری کے وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اس بس میں اسکول طلبہ سمیت 54 افراد سوار تھے جن میں دو بس کے ڈرائیور تھے۔ تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ بس میں سوار اصل تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔