رسائی کے لنکس

پاکستان سے شکست پر بھارتی شائقینِ کرکٹ مایوس، کئی علاقوں میں آتش بازی پر سابق کرکٹر برہم


پاکستان نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی ہے۔
پاکستان نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے سمجھے جانے والے میچ میں پاکستان کی جیت اور بھارت کی ہار پر سوشل میڈیا مباحثوں سے بھرا ہوا ہے اور میمز کی بھرمار ہے۔ کوئی پاکستانی ٹیم کو مبارکبادیں دے رہا ہے تو کوئی بھارتی ٹیم کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو شکست دی ہے۔ یہ صرف شکست ہی نہیں بلکہ گرین شرٹس نے دس وکٹوں سے میچ جیت کر نئی تاریخ بھی رقم کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے نہ صرف بھارت کے خلاف طویل ترین اوپننگ پارٹنر شپ کا ریکارڈ بنایا بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے بڑی پارٹنرشپ قائم کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر لیا ہے۔

اس سے قبل یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور ڈیون اسمتھ کے نام تھا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2007 میں 145 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی تھی۔

ادھر پاکستان سے شکست پر بھارتی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد شامی تنقید کی زد میں ہیں۔ ان کے انسٹاگرام پر سینکڑوں افراد نے انہیں 'غدار' قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ٹیم میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔

بھارت کے سابق اوپنر ورندر سہواگ نے محمد شامی کے دفاع میں اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ شامی پر آن لائن حملے حیران کن ہیں۔ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد شامی چیمپئن ہیں اور جس نے بھی بھارتی ٹیم کی کیپ اور جرسی پہنی ہے اس کے دل میں بھارت دھڑکتا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ملکوں پاکستان اور بھارت کے درمیان انٹرنیشنل میچز تو نہیں کھیلے جاتے لیکن ان کا سامنا آئی سی سی کے مقابلوں میں ہوتا ہے۔ ان مقابلوں سے قبل دونوں ملکوں کے ذرائع ابلاغ میں بھی تجزیوں، تبصروں اور مباحثوں کے خصوصی پروگرام نشر ہوتے ہیں۔

پاک بھارت میچ سے قبل نہ صرف نشریاتی اداروں کے درمیان بحث و مباحثے ہوتے ہیں بلکہ سابق کرکٹرز بھی اس میں کود پڑتے ہیں۔

بھارت کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے میچ سے قبل پاکستان کو مشورہ دیا تھا کہ بھارت کے خلاف کھیلنے کا کیا فائدہ، ہمیں واک اوور ہی دے دیں۔

اس پر پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے میچ کے بعد بھارت کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کیا آپ کو واک اوور چاہیے تھا۔

شعیب اختر کے ویڈیو پیغام پر جواب دیتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے بہت اچھا کھیلا۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر بھارت میں جشن منانے اور آتش بازی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جس پر سابق بھارتی کرکٹرز سیخ پا ہیں۔

سابق بھارتی اوپننگ بلے باز ورندر سہواگ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دیوالی پر آتش بازی پر پابندی ہے، لیکن گزشتہ روز بھارت کے بعض علاقوں میں پاکستان کی جیت کا جشن منایا گیا ہے۔ اگر دیوالی پر آتش بازی کی جائے تو کیا نقصان ہوتا ہے۔ ایسا منافقانہ طرز عمل کیوں۔ سارا گیان تب ہی یاد آتا ہے۔

اسی طرح سابق بھارتی بلے باز گوتم گمبھیر نے کہا کہ پاکستان کی جیت پر آتش بازی کرنے والے بھارتی نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

البتہ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے پاکستان کی جیت پر کہا کہ پاکستان نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا اور اس کا کریڈٹ اسے دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اب بھی کچھ نہیں گنوایا اور اسے غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا چاہیے۔

میچ سے قبل بھارتی ذرائع ابلاغ میں بلو شرٹس کو گرین شرٹس پر سبقت دی جا رہی تھی اور ماضی کے مقابلوں کا بھی حوالہ دیا جا رہا تھا۔ گو کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کا ماضی کا ریکارڈ پاکستان سے بہتر ہے، لیکن میچ کے دن بھارت کی بیٹنگ اور بالنگ لائن ماضی کی کارکردگی نہ دوہرا سکی۔

بھارتی صحافی مانک گپتا نے پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم زیادہ اچھی نہیں لیکن اگلی بار جب دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی تو نتائج مختلف ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فائنل میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔

کرکٹ تجزیہ کار ومل کمار نے بھارتی ٹیم کے اوپننگ بلے باز شیکر دھون کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں شامل کھلاڑی شیکر دھون تماشائیوں کے اسٹینڈ میں بیٹھ کر میچ دیکھ رہے ہیں۔

ایک بھارتی شائق نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان نے اچھا کھیلا لیکن انہیں اس طرح کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ ایک وکٹ تو انسان ایسے ہی دے دیتا ہے۔ پیار محبت میں کہ اگلا بھی جوتے پہن کر کھیلنے کے لیے آیا ہے اسے بھی انجوائن کرنے دو۔ پاکستانی کھلاڑیوں کو آج ریکارڈ توڑنے تھے۔

بھارتی نشریاتی ادارے اے این آئی کے مطابق دبئی میں موجود ایک کرکٹ فین نے پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم کی سلیکشن پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن اچھی نہیں تھی۔ ایشانت کشن کو ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے تھا۔ ایک تماشائی نے کا کہا کہ یہ میچ بہت اچھا تھا جس میں پاکستان نے کھیل کے تینوں شعبوں میں بھارتی ٹیم کو آؤٹ کر دیا۔

ایک بھارتی سپورٹر امت مشرا نے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بہت یاد آ رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG