پاکستان میں بجلی کا بحران کئی سالوں سے برقرار ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہی دیکھا جا رہا ہے۔ موجودہ حکمرانوں کی جانب سے اس پر قابو پانے کے لئے کہیں کوئلے سے چلنے والے توانائی کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں تو کہیں تھرمل پاور پروجیکٹ۔
لیکن، عوامی سطح پر بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لئے جس طریقے کو سب سے زیادہ پذیرائی مل رہی ہے وہ ہے ’سولر پاور‘ یعنی ’شمسی توانائی‘۔ صرف کراچی کی بات کریں تو ٹھیلے پر کھجورے بیچنے والا عام آدمی ہو یا بنگلوں کا مالک اسے توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لئے اسی ٹیکنالوجی کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔
اس کی واضح مثال کراچی میں جگہ جگہ سولر پینلز فروخت کرتی دکانیں ہیں۔ صدر کے علاقے میں چلے جایئے وہاں آپ کو جگہ جگہ سولر پینل بکتے نظر آجائیں گے۔
سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ یعنی ’سائٹ‘ کے علاقے کا دورہ کریں تو وہاں پلوں اور سڑکوں پر لگے سولر پینلز سے روشن بلب، ٹیوب لائٹس، سرچ لائٹس اور ’سیورز‘ نظر آجائیں گے۔حب ریور روڈ اور دیگر اطرافی علاقوں میں بھی اس کی ’روشن‘ مثالیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ پورے صوبہٴ بلوچستان کو شمسی توانائی سے روشن کریں گے اور اس کے لئے انہوں نے عالمی بینک کے سربراہ جم یانگ کم سے بات بھی کرلی ہے۔
وزیر خزانہ کے بقول، وہ شمسی توانائی کے پہلے منصوبے کا افتتاح بھی عالمی بینک کے صدر سے ہی کرانے کے خواہشمند ہیں۔ اس منصوبے پر عالمی بینک نے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ لہذا، آپ کبھی بھی یہ خوشخبری سن سکتے ہیں کہ بلوچستان شمسی توانائی سے روشن ہونے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے کی جانب سے کئے گئے ایک تجزیے سے یہ امر واضح ہوا ہے کہ ملک میں شمسی توانائی سے بجلی کے حصول کا رجحان ناصرف تیزی سے فروغ پا رہا ہے، بلکہ ملک میں سولر پینلز سلوشن پرووائیڈرز کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
اس رجحان کی سب سے بڑی وجہ بجلی کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ اور لوڈشیڈنگ کے بڑھتا دورانیہ ہے۔
سولر پینلز فروخت کرنے والی ایک کمپنی کے عہدیدار، عبدالرحمٰن نے ’وی او اے‘ کو بتایا کہ ’’آپ نے مثال سنی ہوگی کہ آموں کے آم اور گٹھلیوں کےدام۔ سولر پینلز کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے۔ شمسی توانائی سے بجلی کے حصول کے لئے جو خرچ آتا ہے وہ ابتدائی مہینوں میں ہی نکل آتا ہے۔ اس کے بعد آپ کو بجلی مفت پڑنے لگتی ہے۔‘‘
بہاولپور میں ملک کے پہلے سولر پاور پروجیکٹ کا افتتاح ہو چکا ہے۔ اس پروجیکٹ سےابتداٴ میں 100 میگا واٹ اور بعد ازاں 1000 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ ماہرین کے بقول شمسی توانائی کے ذریعے پاکستان میں سات لاکھ میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی استعداد موجود ہے۔ ملک میں روزانہ اوسطاً 16 گھنٹے تک روشنی موجود ہوتی ہے۔ اگر اس روشنی کو صحیح طریقے سے استعمال میں لایا جائے تو سات لاکھ میگاواٹ تک بجلی حاصل کرنا کوئی بڑی بات نہیں۔