|
ویب ڈیسک — بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں علیحدگی پسندوں کے خلاف ایک آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے ایک افسر سمیت چار اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرینگر سے وائس آف امریکہ کے نمائندے یوسف جمیل کے مطابق حکام نے منگل کو بتایا کہ فوج اور کشمیر پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے چار اہلکار دم توڑ گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سیکیورٹی اہلکار پیر کی شب جموں کشمیر کے مشرقی ضلع ڈوڈا میں کارروائی کر رہے تھے کہ اس دوران عسکریت پسندوں نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔
عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے بھارتی فوج کے کیپٹن سمیت چار اہلکار شدید زخمی ہو گئے تھے جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ تاہم حکام نے ہلاک فوجیوں کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی افراد نے علاقے میں چند مشکوک افراد کی موجودگی سے متعلق سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کیا جس کے بعد پولیس اور فوج نے ضلع ڈوڈا میں مشترکہ آپریشن کیا۔
ایک ہفتے کے دوران عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے بھارتی فوج کو پہنچنے والے نقصان کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔
گزشتہ ہفتے جموں کے علاقے کٹھوا میں سرچ آپریشن کے دوران پانچ بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ اور راجوری میں حالیہ عرصے کے دوران بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات اب جموں میں بھی پھیل گئے ہیں۔
راجوری اور پونچھ کے اضلاع پیر پنجال سلسلہ کوہ کے دامن میں واقع ہیں اور یہ دونوں اضلاع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہیں۔
سال 1947 سے پہلے برصغیر کے نقشے پر پونچھ کا جو علاقہ موجود تھا اس کا ایک حصہ کشمیر پر پہلی جنگ کے نتیجے میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے پاس چلا گیا تھا۔
اس علاقے میں اکتوبر 2021 سے لے کر اب تک عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز پر ایک درجن سے زائد بڑے حملے کیے ہیں جن میں کئی افسروں سمیت 40 کے قریب فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پونچھ اور راجوری کے بعد عسکریت پسندی کے واقعات اب جموں میں بھی بڑی حد تک دیکھے جا رہے ہیں جو پہلے قدرے حد تک پرامن تھا۔ لگ بھگ ڈیڑھ سال کے دوران جموں میں مختلف کارروائیوں کے دوران 48 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے فوج کو ہدایت کی تھی کہ جموں کے علاقے سے عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے۔
فورم