صومالیہ میں پیر کو ایک خود کش کار بم دھماکے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا ہے کہ دارالحکومت موغادیشو میں کار میں سوار حملہ آور پولیس کی ایک چوکی کی طرف بڑھ رہا تھا جب یہ دھماکا ہوا۔
اس حملے کی تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ موغادیشو میں سرکاری فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپیں معمول بن گئی ہیں یہاں امن برقرار رکھنے کے لیے افریقن یونین کی امن فوج بھی تعینات ہے۔ گذشتہ چند سالوں سے صومالیہ میں جاری پر تشدد کارروائیوں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
1991ء میں محمد سید بیری کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے گذشتہ 20سالوں سے صومالیہ بدامنی کا شکار ہے۔