اقوام متحدہ کی جانب سے پیر کے روز اس اعلان کی توقع کی جارہی ہے کہ خشک سالی سے متاثرہ ملک صومالیہ کے چھ علاقوں میں قحط پھیل چکاہے۔
اقوام متحدہ کے ایک عہدے دار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ قحط سے متاثرہ علاقوں میں اب جنوب میں واقع بے کا علاقہ شامل کیا جارہاہے۔
بے صومالیہ کے لیے خوراک پیداکرنے والا علاقہ ہے اور عہدے داروں کا کہناہے کہ وہاں غذائی اجناس کی پیداوار 82 فی صد تک گر چکی ہے۔
بے سے بہت سے صومالی پناہ گزین خوراک کی تلاش میں دارالحکومت موگادیشو ، اور ہمسایہ ممالک ایتھوپیا اور کینیا کے کیمپوں میں چلے گئے ہیں۔
اس ہفتے اقوام متحدہ سے جاری ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ سے منسلک عسکریت پسند تنظیم الشباب نے بے کے علاقوں میں نقل وحرکت پر پابندی لگادی ہے۔
انسانی بھلائی کے امور سے متعلق دفتر کو اس اعلان کی بھی توقع ہے کہ صومالیہ کی آدھی سے زیادہ آبادی یعنی تقریباً 40 لاکھ افراد کو خوراک کی فوری ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کا کہناہے کہ قرن افریقہ کے ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ افراد کو فوری طورپر مدد کی ضرورت ہے۔