رسائی کے لنکس

بحری قزاقی میں 36 فی صد ریکارڈ اضافہ


بحری قزاقی میں 36 فی صد ریکارڈ اضافہ
بحری قزاقی میں 36 فی صد ریکارڈ اضافہ

بحری نگرانی سے متعلق عہدے داروں کا کہناہے کہ صومالی قزاقوں نے اس سال کے پہلے چھ ماہ میں پہلی بار ریکارڈ تعداد میں بحری جہازوں کو قزاقی کا نشانہ بنایا ہے۔

لندن میں قائم انٹرنیشنل میری ٹائم بیورو نے بتایا کہ قزاقوں کے کئی حملے ماضی کے مقابلے میں زیادہ پرتشدد اور دلیرانہ تھے۔

جمعرات کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال کی پہلی ششماہی میں دنیا بھر میں قزاقی کی واردتوں میں 36 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ اس عرصے کے دوران پچھلے سال کی 196 کارروائیوں کے مقابلے میں بحری جہازوں پر 266 حملے کیے گئے۔

بحری نگرانی کے عالمی ادارے کے ڈائریکٹر پوٹنگال مکونڈن نے کہا ہے کہ صومالی قزاق پہلے سے زیادہ خطرے مول لینے لگے ہیں۔ ادارے کا کہناہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ قزاقوں نے مون سون کے موسم کے دوران بحرہ ہند میں ایک جہاز کو اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کی۔

امریکہ سمیت 70 سے زیادہ ممالک کے نمائندے ، صومالیہ کے قریبی سمندروں میں قزاقی کےمسئلے سے نمنٹے کے لیے جمعرات کے روز نیویارک میں جمع ہورہے ہیں۔

گروپ قزاقوں کے حملوں سے محفوظ رہنے کے طریقے ڈھونڈنے کی کوشش کررہاہے۔ عالمی تنظیم کا کہناہے کہ دنیا کی اس مصروف ترین بحری گذرگاہ پر قزاقی کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں تجارتی اور انسانی امدادی پروگراموں کے سامان کی نقل وحرکت کے لیے بڑا خطرہ بن رہی ہیں۔

بین الاقوامی پانیوں میں انٹرنیشنل بحری فوجی دستوں کی گشت کے باوجود صومالی قزاق بحرہ ہند اور بحیرہ عرب میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حالیہ چند برسوں کے دوران قزاق درجنوں بحری جہازوں اور ان کے عملے کو یرغمال بنا کر لاکھوں ڈالر تاوان وصول کرچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG