رسائی کے لنکس

افغانستان کو شکست، جنوبی افریقہ پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا


  • افغانستان نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 12 ویں اوور میں صرف 56 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
  • جنوبی افریقہ نے آسان ہدف نویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔
  • افغان ٹیم کے نو بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔
  • سب زیادہ رنز بنانے والوں میں واحد عظمت اللہ عمرزئی تھے جو 12 گیندوں پر 10 رنز بنا سکے۔
  • ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہو گا
  • فاتح ٹیم 29 جون کو جنوبی افریقہ کے مدِ مقابل آئے گی۔

ویب ڈیسک _ جنوبی افریقہ نے افغانستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ٹروبا میں برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 11 اعشاریہ پانچ اوورز میں صرف 56 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

جنوبی افریقہ نے آسان ہدف نویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔

پروٹیز نے اس کامیابی کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہو گا اور فاتح ٹیم 29 جون کو جنوبی افریقہ کے مدِ مقابل آئے گی۔

جنوبی افریقہ کی بالنگ کے سامنے افغان بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور نو بلے باز ڈبل فیگر تک نہ پہنچ سکے۔

سب زیادہ رنز بنانے والوں میں واحد عظمت اللہ عمرزئی تھے جو 12 گیندوں پر 10 رنز بنا سکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی اور مارکو جینسن نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے تین، تین جب کہ کگیسو رابادا اور اینرچ نورجی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنر کوئنٹن ڈی کوک پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد رضا ہینڈرکس اور کپتان ایڈن مارکرم نے دوسری وکٹ پر 55 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلا دی۔

ہینڈرکس نے 29 اور مارکرم نے 23 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

XS
SM
MD
LG