رسائی کے لنکس

اپنی دوست کو قتل کرنے کا ارادہ نہیں تھا: پسٹوریئس


آسکر پسٹوریئس
آسکر پسٹوریئس

جنوبی افریقی ایتھلیٹ نے عدالت کو بتایا کہ جب انھوں نے گولی چلائی تو انھیں لگا کہ زبردستی گھر میں گھس آنے والے کسی شخص پر گولی چلا رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس نے کہا ہے کہ گزشتہ سال اپنے گھر پر گولی چلاتے وقت ان کا اپنی دوست ریوا اسٹین کیمپ یا کسی اور کو قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

بدھ کو عدالت میں تیسرے روز اپنا بیان دیتے ہوئے پسٹوریئس نے بتایا کہ ایمبولینس کا انتظار کرتے ہوئے انھوں نے خود کو "بے بس" محسوس کیا لیکن جب تک طبی عملہ پہنچا اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔

"ایمبولینس کے پہنچنے سے پہلے ہی ریوا مر چکی تھی جب میں نے اسے تھام رکھا تھا اور مجھے پتا تھا کہ وہ (طبی عملہ) اس کے لیے اب کچھ نہیں کر سکتے۔"

پسٹوریئس نے عدالت کو بتایا کہ جب انھوں نے باتھ روم کے بند دروازے کے پیچھے سے گولی چلائی تو انھیں لگا کہ زبردستی گھر میں گھس آنے والے کسی شخص پر گولی چلا رہے ہیں۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ پسٹوریئس نے دانستہ طور پر ریوا پر گولی چلائی۔

بدھ کو استغاثہ کی جرح کا جواب دیتے ہوئے پسٹوریئس کا کہنا تھا کہ انھوں نے ریوا کی زندگی چھین کر "بہت سنگین غلطی کی۔"

وہ خود پر قتل کے الزامات سے انکار کرتے رہے ہیں اور اگر ان پر یہ الزام ثابت ہوجاتا ہے کہ انھیں 25 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

27 سالہ پسٹوریئس "بلیڈ رنر" کے نام سے مشہور ہیں اور دونوں ٹانگوں سے معذور ہونے کے باوجود انھوں نے مصنوعی ٹانگوں کے ساتھ اولمپک مقابلوں میں حصہ لے کر تاریخ رقم کی تھی۔
XS
SM
MD
LG