رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا سے چینی فوجیوں کی باقیات کی واپسی


جنگ میں مارے جانے والے فوجیوں کی شناخت کرنے والی تنظیم کے ارکان چینی فوجیوں کی باقیات تابوتوں میں رکھ رہے ہیں۔
جنگ میں مارے جانے والے فوجیوں کی شناخت کرنے والی تنظیم کے ارکان چینی فوجیوں کی باقیات تابوتوں میں رکھ رہے ہیں۔

2013 میں بیجنگ کے دورے کے دوران جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہئی نے خیر سگالی کے تحت جنگ میں ہلاک ہونے والے چینی فوجیوں کی لاشیں واپس کرنے کی پیشکش کی تھی۔

جنوبی کوریا نے چین کو کوریائی جنگ میں ہلاک ہونے والے 36 چینی فوجیوں کی باقیات واپس کر دی ہیں۔

چین کے سرکاری خبررساں ادارے شنخوا کے مطابق واپسی کی تقریب جمعرات کو جنوبی کوریا کے انکیون بین الاقوامی فضائی اڈے پر ہوئی جو دارالحکومت سیول سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

اس تقریب میں جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے تابوت باضابطہ طور پر چینی وفد کے حوالے کیے گئے جس کی قیادت چین کے شہری امور کے نائب وزیر ڈو یپی کر رہے تھے۔

جنوبی کوریا میں چینی سفیر کی گوہونگ نے تابوتوں کو چینی پرچم میں لپیٹ دیا اور چین کے فوجی جہاز پر انہیں وطن واپس لے جانے سے قبل ایک مختصر دعائیہ تقریب منعقد کی۔

چین نے 1950 سے 53 تک ہونے والی جنگ میں شمالی کوریا کا ساتھ دیا تھا۔

2013 میں بیجنگ کے دورے کے دوران جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہئی نے خیر سگالی کے تحت جنگ میں ہلاک ہونے والے چینی فوجیوں کی لاشیں چین کو واپس کرنے کی پیشکش کی تھی۔

جنوبی کوریا چین کے سالانہ چنگ منگ تہوار سے قبل باقیات واپس کرتا رہا ہے اور 2014 اور 2015 میں 505 فوجیوں کی باقیات واپس کی گئیں جبکہ جمعرات کو 36 فوجیوں کی باقیات واپس بھیجی گئیں۔

چنگ منگ تہوار کے موقع پر چینی اپنے آباؤ اجداد اور شہدا کی یادگاروں پر حاضری دیتے ہیں اور ان کی صفائی کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG