رسائی کے لنکس

جنوبی سوڈان کا سوڈانی فوجی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ


ایسے میں جب دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، جنوبی سوڈان نے سوڈانی فوج کا ایک طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پگان امم نے، جو کہ ادیس ابابا میں ہونے والے مذاکرات میں جنوب کے اعلیٰ مذاکرات کار ہیں، نامہ نگاروں کو بتایا کہ کہ بدھ کی شام جنوبی افواج نے ایک مگ 29طیارہ مار گرایا۔

امم نے کہا کہ افریقی یونین کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت سے واک آؤٹ کرتے ہوئے سوڈان کے وزیرِ دفاع نے جنوبی سوڈان کی فوجی چھاؤنی پر فضائی حملے کے احکامات جاری کیے۔

فرانسسی خبر رساں ادارے نے سوڈانی فوج کےایک ترجمان کے حوالے سے اِس خبر کی تردید کی ہے کہ سوڈان کے کسی طیارے کو مار گرایا گیا ہے۔

اِس سے قبل، افریقی یونین کے ثالثوں نے سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان تناؤ میں کمی لانے سےمتعلق تجویز پیش کی۔

تجویز جنوبی افریقہ کے سابق صدر تھابو مبیکی نے پیش کی ہے، جس میں لڑائی بند کرنے، ایک دوسرے کے علاقے سے فوجوں کے انخلا اور دونوں ممالک کے صدور کی ایک سربراہ ملاقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مبیکی نے کہا کہ جنوبی سوڈان اس دستاویز پر دستخط کرنے پر تیار ہے، تاہم سوڈان کا وفد صلاح و مشورے کے لیے دستاویز کو خرطوم لے جانے پر مصر ہے۔

افریقی یونین ایتھیوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں سوڈان اور جنوبی سوڈان کے مابین ہونے والے مذاکرات کے کئی دورکی میزبانی کر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG