منگل کے روز انسانوں کی خلاء میں پہلی اڑان کی 50ویں اور امریکی خلائی شٹل کی پہلی پرواز کی 30 ویں سالگرہ منائی گئیں۔
آج سے پچاس سال قبل 12 اپریل، 1961ء کے روز روسی خلاباز یوری گاگارین نے "ووستوک1" نامی خلائی جہاز میں زمین کے مدار کے گرد پہلا چکر لگایا تھا۔
108 منٹ پر مشتمل اس پرواز کے بعد گاگارین کامیابی سے دوبارہ زمین کے مدارمیں داخل ہوگئے تھے۔ سوویت ایئرفورس میں پائلٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے گاگارین بعد ازاں 27 مارچ 1968ء کو ایک فضائی مشق کے دوران پیش آنے والے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
گاگارین کی خلاء میں پہلی پرواز کے ٹھیک بیس برسوں بعد 1981ء میں امریکی خلائی شٹل کولمبیا نے اپنی پہلی اڑان بھری۔ شٹل میں دو امریکی خلاءباز جان ینگ اور رابرٹ کریپن سوار تھے۔
واضح رہے کہ امریکی خلائی ایجنسی "ناسا" کی جانب سے ایجنسی کا گزشتہ 30 برسوں سے جاری خلائی شٹل پروگرام رواں سال کے اختتام تک ختم کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔
"ناسا" کی جانب سے منگل کے روز اس عجائب گھر کے نام کا اعلان کیا جانا ہے جہاں آخری خلائی مشن کی تکمیل کے بعد شٹلز 'اینڈیور'، 'اٹلانٹس' اور 'اینٹرپرائز' کو عوامی نمائش کیلیے رکھا جائے گا۔ "ناسا" کا آخری خلائی مشن رواں سال جون میں متوقع ہے۔ خلائی شٹلز کی میزبانی کیلیے 20 سے زائد امریکی عجائب گھر امیدوار ہیں۔