رسائی کے لنکس

سری لنکن ٹیسٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی


سری لنکن ٹیم پر 2009 میں دہشت گردوں کے حملے کے 10 سال بعد وہی ٹیم پاکستان میں ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی ممکن بنا رہی ہے۔
سری لنکن ٹیم پر 2009 میں دہشت گردوں کے حملے کے 10 سال بعد وہی ٹیم پاکستان میں ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی ممکن بنا رہی ہے۔

سری لنکا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دو میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ چکی ہے۔ پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز دس سال کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہے۔

سری لنکن ٹیسٹ ٹیم پیر کی صبح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔

مہمان ٹیم پاکستان میں دو میچز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں بدھ کو شروع ہوگا جب کہ دوسرا میچ 19 دسمبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان پہنچنے والی سری لنکن ٹیم میں فاسٹ بالر سورنگا لکمل شامل نہیں۔ وہ ان دنوں ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہیں اس لیے ڈاکٹرز نے اُنہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ان کی جگہ آسیتھا فرنینڈو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں آخری ٹیسٹ میچ 2009 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ہی کھیلا تھا۔ مہمان ٹیم پر دہشت گردی کے حملے کے بعد سے پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔

یہ بھی ایک اتفاق ہی ہے کہ سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے 10 سال بعد وہی ٹیم پاکستان میں ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی ممکن بنا رہی ہے۔

پاکستان ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے سری لنکا سے وہی ٹیم مقابلہ کرے گی جو آسٹریلیا کے خلاف کھیلی تھی ماسوائے دو کھلاڑیوں کے۔

مصباح کے مطابق افتخار احمد کی جگہ فواد عالم کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ موسیٰ خان کی جگہ عثمان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا پندرہ رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کپتان اظہر علی، نائب کپتان بابر اعظم، امام الحق، شان مسعود، اسد شفیق، حارث سہیل، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، فواد عالم، کاشف بھٹی، یاسر شاہ اور عمران خان۔

پاکستان کی ٹیم میں فواد عالم کی 10 سال بعد واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے آخری ٹیسٹ نومبر 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

XS
SM
MD
LG