سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے سلامتی کے خدشات کے پیش نظر پاکستان آکر کھیلنے کی دعوت مسترد کردی ہے۔
سری لنکن بورڈ کے ایک ترجمان کے مطابق انھیں سکیورٹی کے سخت خدشات لاحق ہیں جس کے باعث یہ دورہ ممکن نہیں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کو رواں سال اکتوبر ، نومبر میں پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی تھی جس میں ایک ٹی ٹوئنٹی ، پانچ ایک روزہ میچ اور تین ٹیسٹ میچ کھیلنے پروگرام بنایا گیا ۔ ترجمان کے بقول مہمان ٹیم کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکن ٹیم کے دورے سے متعلق پرامید تھا مگر اتوار کو کراچی میں بحریہ کی تنصیب پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے سے یہ امید بارآور ثابت نہ ہوسکی۔
مارچ 2009ء میں دورہ پاکستان کے دوران سری لنکن ٹیم پر بھی لاہور میں ایک دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔ اس حملے میں مہمان ٹیم کے کھلاڑی تو محفوظ رہے لیکن یہ حملہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا اور پہلے سے امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث یہاں کا دورہ نہ کرنے والی ٹیموں کے خدشات کو مزید تقویت ملی۔
مقبول ترین
1