رسائی کے لنکس

سری لنکا کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو 112رنز سے شکست


سری لنکا کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو 112رنز سے شکست
سری لنکا کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو 112رنز سے شکست

عالمی کپ کرکٹ کے گروپ اے میں سری لنکا نے سنگاکارا کی شاندار سنچری اور مرلی دھرن کی جادووئی بالنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 112رنز سے شکست دے کر اپنی پوزیشن بہتر بنا لی ۔ 266 رنز کے تعاقب میں کیویز بیٹنگ لائن 153پر ہی ڈھیر ہو گئی ۔
ونکھڈے اسٹیڈیم ممبئی میں سری لنکن قائد سنگا کارا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ابتدائی بلے باز اپل تھرنگا اور تلکارتنے دلشان تین ، تین رنز بنا کر صرف 19 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔ اس نازک موقع پر کپتان سنگاکارا میدان میں اترے اور مہیلاجے وردھنے کے ہمراہ تیسری وکٹ کی شراکت میں 145 رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ جے وردھنے 66 رنز کی اننگز کھیل کر 164 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔اس کے بعد انجیلومیتھیوز نے سنگاکارا کا ساتھ دیا اور اسکور 210 رنز پر پہنچا یا۔ سری لنکا کو سنگاکارا کی صورت میں پانچواں نقصان اٹھانا پڑا انہوں نے128 گیندوں پر12 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے شاندار 111 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
سنگاکارا کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پانچ بلے باز ،سماراویرہ 5، چمارا سلوا 3 ، کولیسکیرا1، لیستھ مالنگا6 اور مرلی دھرن 7 رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے تاہم میتھیوز کیویز بالنگ لائن کے سامنے ڈٹے رہے اور 35 بالوں پر 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس طرح 19 ایکسٹراز کے ساتھ لنکن ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں پر 265 رنز بنائے ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے8 بالرز آزمائے گئے۔ ٹم ساؤتھی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں تاہم اس کے بدلے انہیں دس اوورز میں 63 رنز دینے پڑے ۔ ناتھن مک کالم نے دس اوورز میں 48 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اسکاٹ اسٹائرس نے 8 اوورز میں 44 اورجیکب اورم نے 10 اوورز میں 57 رنز کے عوض ایک ، ایک وکٹ اپنے نام کی ۔ہمیش بینٹ ، جسی رائیڈر، جیمز فرینکلین اور کین ولیم سن کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکے ۔
جواب میں کیویز کو پہلا نقصان 29 کے مجموعی اسکور پر برنڈن مک کالم کی صورت میں برداشت کرنا پڑا جو14 رنزکے ساتھ پویلین لوٹے، مجموعی اسکور میں صرف 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد دوسرے اوپنر مارٹن گپٹل بھی13رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ۔ایسی صورتحال میں کیویز کو بھی سری لنکا کی طرح تیسری وکٹ میں ایک بڑی شراکت کی ضرورت تھی تاہم 82 کے مجموعے پر رائیڈربھی 19 رنز بنا کر ٹیم کو تیسرا زخم دے گئے جس کے بعد یکے بعد دیگرے کیویز وکٹیں گرتی رہیں۔88 کے مجموعی اسکور پر کین ولیم سن نے بھی 5 رنز بنا کر ہتھیار پھینک دیئے ۔ گزشتہ میچ میں پاکستان کے خلاف شاندار سنچری بنانے والے روس ٹیلر آج 33 رنز بنا کر لنکن بالرز کا93 کے اسکور پر پانچواں نشانہ بنے ۔

23 اوورز میں 102 کے اسکورپر اسکاٹ اسٹائرس نے بھی 6 رنز بنا کر کیوی بیٹنگ لائن کا ساتھ چھوڑ دیا ۔ناتھن مک کالم ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 115 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے ۔ فرینکلین 20 رنز بنا کر 129 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ 144 پر ٹم ساؤتھی بھی 8 رنز بنا کر سری لنکن بالرز کا 9واں نشانہ بن گئے ۔ہمیش بینٹ آؤٹ ہونے والے آخری کیوی بلے باز تھے جو بغیر کوئی رن بنائے میدان چھوڑ گئے ۔جیکب اورم 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ اس طرح لنکن بالرز کے 11 ایکسٹراز کے ساتھ کیوی ٹیم 35 اوور میں 153 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔
سری کی جانب سے مرلی دھرن کی اسپن بالنگ کا جادو آج سر چڑھ کر بولا ۔ انہوں نے 8اوورز میں25رنز دے کر4کیوی بلے بازوں کو واپسی کے پروانے تھمائے ۔اجتنا مینڈیس نے 6 اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹوں کا سودا کیا جبکہ میتھیوز نے تین اوورز میں 19، کولیسکیرا نے 7 اوورز میں 19،دلشان نے 6 اوورز میں 24 اور لیستھ مالنگا نے 5 اوورز میں 38 رنز دیئے اور سب کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی ۔

XS
SM
MD
LG