جرمنی میں پولیس نے کہا ہے کہ انہیں مغربی ناروے سے ایک ایسا گیٹ ملا ہے جس کے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ وہ داخاؤ نامی کیمپ کا ہے جسے نازیوں نے یہودیوں کے لیے قائم کیا تھا۔
اس گیٹ کے اوپر ایک عبارت لکھی ہے جس کا مفہوم ہے ’ کام کرنے سے آزادی ملے گی‘۔
یہ گیٹ ناروے کے جنوب مغربی ساحلی شہر برگن کے قریب سے ملا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ایک نامعلوم شخص نے اس گیٹ کی اطلاع دی تھی۔
پولیس نے یہ تصدیق نہیں کی کہ آیا اسے چوری کیا گیا تھا۔ لیکن پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں بھیجی گئی تصویر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر لوہے کا گیٹ تھا جسے داخاؤ کیمپ سے چرایا کیا گیا تھا۔
گیٹ کا وزن 100 کلو گرام ہے۔ اسے میونخ سے چند کلومیڑ کے فاصلے پر واقع سابقہ داخاؤ کیمپ سے تقریباً دو سال پہلے چوری کیا گیا تھا۔
نازیوں نے اس کیمپ کو دوسری عالمی جنگ کے دوران 41 ہزار سے زیادہ یہودیوں کو قتل کرنے کے استعمال کیا تھا۔
نازیوں کے ظلم سے متعلق اس سے ملتی جلتی ایک علامت کو 2009 میں پولینڈ میں واقع نازیوں ایک کیمپ آشوٹز سے چوری کر لیا گیا تھا۔ وہ کیمپ مقتل گاہ کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ چور پکڑا گیا تھا اور اسے دو سال قید کی سزا ہوئی تھی۔