رسائی کے لنکس

یونان میں پھنسے متعدد افغان شہریوں کا امریکہ سے 'شکوہ'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

محمد میڈیکل کا طالبعلم تھا اور گزشتہ سال کے اواخر تک بگرام میں امریکی فضائی اڈے میں قائم جنوبی کوریائی فورسز کے اسپتال میں کام کرتا رہا ہے۔

یونان میں پھنسے ہزاروں پناہ گزینوں میں بہت سے افغان باشندے بھی شامل ہیں۔

ان میں سے متعدد کا دعویٰ ہے کہ چونکہ وہ امریکی اور اتحادی فورسز کے لیے کام کرتے رہے ہیں لہذا انھیں طالبان کی طرف سے خطرہ تھا جس پر وہ اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

وائس آف امریکہ کے ہینری رِج ویل نے ایسے ہی افغان پناہ گزینوں سے بات کی۔ اُن کے مطابق ان ہی لوگوں میں محمد اور یوسف بھی شامل ہیں جن کا کہنا تھا کہ انھیں ایسے محسوس ہوتا ہے کہ امریکہ نے انھیں ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔ (افغانستان میں ان کے خاندانوں کے تحفظ کے پیش نظر یہ نام تبدیل کر کے لکھے جا رہے ہیں۔)

محمد میڈیکل کا طالبعلم تھا اور گزشتہ سال کے اواخر تک بگرام میں امریکی فضائی اڈے میں قائم جنوبی کوریائی فورسز کے اسپتال میں کام کرتا رہا ہے۔

لیکن جنوبی کوریا کے فوجیوں کے افغانستان سے چلے جانے کے بعد وہ بے روزگار ہو گیا۔

"میں چھ سال تک بگرام کے فضائی اڈے پر جاتا رہا۔ میں اپنے گھر سے آنے اور واپس جانے کے لیے اپنا چہرہ چھپا لیا کرتا تھا تاکہ لوگوں کو یہ نہ پتا چلے کہ میں کہاں کام کرتا ہوں۔"

یوسف اور محمد نے اسپیشل امیگرنٹ ویزا کے لیے بھی درخواست دی تھی۔ یہ ویزا امریکی فورسز کے لیے کام کرنے والے افغان اور عراقی شہریوں کو امریکہ میں پناہ دینے کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔

محمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ "آخر میں انھوں نے مجھے کہا کہ میں اس ویزے کے لیے اہل نہیں ہوں۔ میں نے پوچھا کیوں؟ تو انھوں نے کہا کہ کیونکہ تم جنوبی کوریا کے لیے کام کرتے تھے۔ لیکن یہ اسپتال بگرام فضائی اڈے میں تھا جو کہ امریکیوں کی جگہ تھا۔"

پھر ان دونوں نے جنوبی کوریا کی حکومت سے مدد کا کہا لیکن انھیں بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے ہاں پناہ گزینوں سے متعلق کوئی طریقہ کار نہیں۔

طالبان کی طرف سے دھمکیاں ملنے کے بعد ان لوگوں نے محمد کے 16 سالہ بیٹے کے ہمراہ یورپ کی راہ فرار اختیار کی۔ یہ لوگ اب ایتھنز میں سابقہ اولمپک پارک میں قائم عارضی پناہ گاہ میں رہتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے وائس آف امریکہ کو ایک ای میل کے ذریعے بتایا کہ اس ویزا پروگرام میں محمد جیسے افغان شہریوں، جو بین الاقوامی فورسز کے لیے کام کرتے رہے، کو شامل کرنے کے لیے ترمیم کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG