رسائی کے لنکس

نئے انکشافات کے بعد اسٹراس کاہن بغیر ضمانت کے رہا


نئے انکشافات کے بعد اسٹراس کاہن بغیر ضمانت کے رہا
نئے انکشافات کے بعد اسٹراس کاہن بغیر ضمانت کے رہا

نیو یارک کی ایک عدالت نے آئی ایم ایف کے سابق مینیجنگ ڈائرکٹر ڈومینیک اسٹراس کاہن کو بغیر کسی ضمانت کے رہا کردیا ہے۔ جنسی زیادتی کے کیس میں کاہن کی گھر پر نظر بندی بھی ختم کردی گئی ہے۔

جمعہ کے روز استغاثہ کے وکلاء نے کاہن پر الزام لگانے والی عورت کے سچا ہونے کے بارے میں کچھ سوالات اٹھائے تھے۔ کاہن پر لگائے گئے کسی الزام کو واپس نہیں لیا گیا ہے اور استغاثہ کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات جاری رکھیں گے۔ اسٹراس کاہن کا پاسپورٹ بھی واپس نہیں کیا گیا، لہذا وہ اپنے وطن فرانس واپس نہیں جاسکیں گے۔

جمعہ کی سماعت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب اسٹراس کاہن پر الزام عائد کرنے والی خاتون کی ساکھ سے متعلق ذرائع ابلاغ میں آنے والے حالیہ انکشافات کے بعد آئی ایم ایف کے سابق سربراہ کے خلاف مقدمہ کو کمزور قرار دیا جارہا ہے۔

فرانسیسی نژاد اسٹراس کاہن کو مئی میں نیویارک سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر 'سوفی ٹیل' نامی ہوٹل میں اپنے قیام کے دوران کمرے کی صفائی کے لیے آنے والی ایک 32 سالہ افریقی نژاد ملازمہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے کا الزام ہے۔

امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ افریقی ملک گِنی سے تعلق رکھنے والی ہوٹل کی ملازمہ نے اسٹراس کوہن کے خلاف الزامات عائد کرنے کے بعد استغاثہ سے مسلسل غلط بیانی کی۔

اخبار کے مطابق مقدمہ کی تفتیش کے دوران خاتون کے ماضی سے متعلق متضاد باتیں سامنے آئی ہیں جو خاتون کی جانب سے امریکہ میں پناہ کے حصول کی درخواست سے متعلق معاملات اور منشیات اور منی لانڈرنگ جیسی مجرمانہ سرگرمیوں سے اس کے مبینہ تعلق کی نشاندہی کرتی ہیں۔

اسٹراس کاہن نے خود پر عائد الزامات کی صحت سے انکار کیا ہے۔ جمعہ کو ہونے والی سماعت کے دوران ملزم کے وکلاء جج سے اپنے موکل کی رہائی کے لیے 60 لاکھ ڈالرز کے زرِضمانت میں کمی اور رہائی کی شرائط میں نرمی کی درخواست کریں گے۔

آئی ایم ایف کے سابق سربراہ مستقل طور پر اپنی رہائش گاہ پر نظر بند ہیں جہاں ان کی الیکٹرانک اور دیگر طریقوں سے نگرانی کی جارہی ہے۔ ایک سکیورٹی ٹیم بھی ان کی اس رہائشگاہ کے باہر موجود ہیں جہاں وہ کرایہ پر مقیم ہیں۔ عدالت کی جانب سے ضمانت پر مشروط رہائی برقرار رکھنے کے لیے اسٹراس کوہن کو اڑھائی لاکھ ڈالرز ماہانہ ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔

اپنی گرفتاری کے چند روز بعد کاہن نے آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ آئی ایم ایف کے بورڈ نے چند روز قبل ہی اسٹراس کوہن کی ہم وطن اور فرانس کی سابق وزیرِخزانہ کرسٹینا گارڈ کو ادارے کا نیا سربراہ منتخب کیا ہے۔

حالیہ اسکینڈل سامنے آنے سے قبل اسٹراس کاہن کا نام فرانس میں ہونے والے 2012 کے صدارتی انتخابات کے لیے موجودہ صدر نکولس سرکوزی کے مقابلے میں سوشلسٹ پارٹی کے ممکنہ امیدوار کے طور پر لیا جارہا تھا۔

XS
SM
MD
LG