رسائی کے لنکس

زیادہ پھل اور سبزیاں کھانے سے وزن کم نہیں ہوتا: تحقیق


تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کی ڈائیٹ نے وزن کی کمی پر ذرہ برابر بھی اثر نہیں دکھایا۔

پھل اور سبزیوں سے پیٹ بھرنے کا طریقہ عام طور پر وزن میں کمی لانے کی حکمت عملی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

لیکن' یونیورسٹی آف الباما برمنگھم' سے منسلک محققین نے اس آزمودہ نسخے کو وزن کم کرنے کا ایک غیر موثر طریقہ قرار دیا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ متعدد مطالعوں کا جائزہ لینے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ زیادہ سے زیادہ پھل اور سبزیاں کھانے سے جسمانی وزن میں کوئی کمی نہیں ہوتی۔

محققین نے پھلوں اور سبزیوں کی 'اِن ٹیک' اور وزن میں کمی کے اثرات پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے 1200 سے زائد شرکا کے اعداد و شمار، جو کہ سات کنٹرولڈ آزمائشی تجربات کے نتیجے میں حاصل ہوئے، کو تجزیے میں استعمال کیا ہے۔

تجزیے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ پھلوں اور سبزیوں کی ڈائیٹ نے وزن کی کمی پر ذرہ برابر بھی اثر نہیں دکھایا۔

'کلینیکل نیوٹریشن جرنل' میں چھپنے والی تحقیق میں ماہرین نے کہا ہے کہ ایک صحت مند خوراک کے مجموعی تناظر میں وزن کم کرنے کے لیے آپ کو کیلوریز (حرارے) کی اِن ٹیک کو کم کرنا ہوتا ہے۔

'یو اے بی پبلک ہیلتھ اسکول' کے انسٹرکٹر اور محققین کی ٹیم میں شامل کیتھرین کائزر نے کہا کہ ''میرا نہیں خیال کہ صرف پھل اور سبزیاں کھانا وزن میں کمی لانے کے لیے ایک موثر طریقہ ہے۔ کیونکہ کسی بھی خوراک کے ساتھ پھل اور سبزیاں ملا کر کھانے سے بھی وزن میں کمی کا امکان نہیں ہوتا ہے۔''

انھوں نے کہا کہ ''اگرچہ پچھلے مطالعوں میں زیادہ پھل اور سبزیوں کے اِن ٹیک کو وزن میں اضافے کے ساتھ بھی منسلک کیا گیا ہے لیکن ان کی تحقیق میں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ پھل اور سبزیوں کی زیادہ مقدار کھانے سے وزن بڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ استعمال اس لحاظ سے بہت مفید ہے کہ اس طرح وٹامنز اور فائبر ایک ہی خوراک سے مل جاتے ہیں۔

کائزر نے پھلوں اور سبزیوں کے فوائد کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں وزن کم کرنے کے لیے کم صحت مند خوراک کی جگہ زیادہ سے زیادہ پھل اور سبزیاں استعمال کرنے کا مفروضہ بہت عام ہے لیکن یمارے نتائج کے کے مطابق اس ڈائیٹ کا اثر ان لوگوں میں نہیں دیکھا گیا جو زیادہ پھل اور سبزیاں کھانے کی ڈائیٹ پر تھے۔

کیتھرین کائزرکے مطابق عوامی صحت کے نقطہ نظر سے ہم لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پھل اور سبزیاں کھانے کا پیغام دینا چاہیں گے کیونکہ یہ ایک مثبت پیغام معلوم ہوتا ہے۔

لیکن، ان کے بقول، بد قسمتی سے لوگوں کو صرف پھل اور سبزیاں کھانے کی طرف راغب کرنے سے اور خوراک کی کل مقدار میں کمی کے لیے واضح اقدامات کئے بغیر وزن کو کم نہیں کیا جاسکتا ہے۔

کائزر نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ زیادہ معیاری تحقیق عمل میں لائی جائے تاکہ ایک سے زیادہ اجزا پر مشتمل خوراک کے ذریعے وزن کم کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جاسکے۔

XS
SM
MD
LG