رسائی کے لنکس

سوڈانی حکومت کے خلاف چار باغی گروپوں کا اتحاد


سوڈانی حکومت کے خلاف چار باغی گروپوں کا اتحاد
سوڈانی حکومت کے خلاف چار باغی گروپوں کا اتحاد

سوڈان کے چار اہم باغی گروہوں نے صدر عمر البشیر کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے اتحاد کرلیا ہے۔

اتحاد میں شامل تین گروہوں کا تعلق دارفور سے ہے جب کہ ایک گروپ ملک کے مشرقی حصے میں واقع دو ریاستوں، بلیو نائل اور جنوبی کردوفان میں سرگرم ہے۔ باغی گروہوں نے نئے اتحاد کو 'سوڈان انقلابی فرنٹ' یا 'ایس آر ایف' کا نام دیا ہے۔

نئے اتحاد کی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ ان کا مقصد " سیاسی تحریک اور مسلح جدوجہد" کے ذریعے صدر عمر البشیر کی 'نیشنل کانگریس پارٹی' کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔

اتحاد کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدر البشیر کی حکومت کمزور پڑ رہی ہے جو، اعلامیہ کے بقول، براِعظم افریقہ کی دیگر بدعنوان حکومتوں کی طرح جلد ہی بکھر جائے گی۔

واضح رہے کہ سوڈانی افواج 2003ء سے دارفور کے علاقے میں باغی گروپوں سے لڑائی میں مصروف ہیں جب کہ دونوں مشرقی ریاستوں میں باغیوں اور سرکاری افواج کے مابین جھڑپوں کا آغاز رواں برس ہوا تھا۔

صدر البشیر اور ان کے اتحادی سوڈان سے علیحدگی اختیار کرنےو الے نوآزاد ملک جنوبی سوڈان پر باغیوں کی سرپرستی کا الزام لگاتے ہیں لیکن جنوبی سوڈان کی حکومت ان الزامات کی تردید کرتی آئی ہے۔

یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ صدر البشیر دارفور میں جاری لڑائی کے دوران مبینہ طور پر پیش آنے والے جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزام میں عالمی عدالت کو بھی مطلوب ہیں۔

XS
SM
MD
LG