رسائی کے لنکس

دار فور میں باغی گروہ کا سربراہ ہلاک


تحریکِ انصاف و مساوات (جے ای ایم) کے سربراہ خلیل ابراہیم
تحریکِ انصاف و مساوات (جے ای ایم) کے سربراہ خلیل ابراہیم

سوڈان کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جنگ سے تباہ حال علاقے دار فور میں سرگرم مرکزی باغی گروہ کے سربراہ کو ہلاک کر دیا ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ تحریکِ انصاف و مساوات (جے ای ایم) کے سربراہ خلیل ابراہیم کو اتوار کے روز شمالی کوردوفان ریاست میں واد بندا کے علاقے کے قریب لڑائی کے دوران ہلاک کیا گیا۔

فوج نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں، جب کہ اس پیش رفت کی غیر جانبدار ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔

سوڈان میں ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کوردوفان میں جھڑپوں کا آغاز جمعہ کو ہوا تھا، اور سرکاری فوج نے باغیوں پر تین علاقوں میں شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

اخبار سوڈان ٹری بیون کے مطابق جے ای ایم کے ترجمان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

جے ای ایم نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ اس کے جنگجوؤں نے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے تاکہ صدر عمر البشیر کی حکومت کا تختہ اُلٹا جا سکے۔

اس باغی گروہ نے مئی 2008ء میں بھی خرطوم اور اس سے متصل شہر اُمدورمان پر حملہ کیا تھا جس کو سرکاری افواج نے پسپا کر دیا تھا، لیکن لڑائی میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دار فور میں سرگرم باغی گروہوں نے حکومت پر اس علاقے کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 2003ء میں بغاوت کا آغاز کیا تھا۔

صدر بشیر علاقے میں جنگی جرائم کے الزامات کی بنیاد پر جرائم کی بین الاقوامی عدالت کو بھی مطلوب ہیں۔

XS
SM
MD
LG