رسائی کے لنکس

ہالینڈ کے ہاتھوں اسپین کی درگت، 1-5 سے ہرادیا


گزشتہ 61 برسوں میں انٹرنیشنل میچز کے دوران اسپین کی یہ بدترین (سب سے زیادہ گول سے) شکست ہے جسے اس ٹورنامنٹ کے لیے 'موسٹ فیورٹ' ٹیم قرار دیا جارہا تھا۔

برازیل میں جاری 'فیفا ورلڈ کپ 2014ء' کے اہم میچ میں ہالینڈ نے دفاعی چیمپئن اسپین کو پہلے ہی میچ میں 1-5 سے اپ سیٹ شکست دے دی ہے۔

گزشتہ 61 برسوں میں انٹرنیشنل میچز کے دوران اسپین کی یہ بدترین (سب سے زیادہ گول سے) شکست ہے جسے اس ٹورنامنٹ کے لیے 'موسٹ فیورٹ' ٹیم قرار دیا جارہا تھا۔

یا درہے کہ ورلڈ کپ 2010ء کا فائنل ہالینڈ اور اسپین کے درمیان ہوا تھا جو اسپین 0-1 سے جیت کر عالمی چیمپئن بن گیا تھا۔

لیکن برازیل میں جاری بیسویں ورلڈ کپ کے اپنے پہلے ہی گروپ میچ میں اسپین کو بدترین ہزیمت اٹھانی پڑی ہے جو عالمی چیمپئن ہونے کے ساتھ ساتھ 2008ء اور 2012ء کا یورپی چیمپئن بھی ہے۔

ہالینڈ کی فتح میں بنیادی کردار کپتان روبن وین پرسی اور ارجن روبن نے ادا کیا جنہوں نے اپنی ٹیم کے لیے 2،2 گول کیے۔ اسٹیفان نے ایک گول کیا۔

جمعے کو برازیل کے شہر سلواڈور میں ہونے والے 'گروپ-بی' کے پہلے میچ میں اسپین کے ژابی الونسو نے 27 ویں منٹ میں پینالٹی کک پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی۔ جسے پہلے ہاف کے اختتام سے ایک منٹ قبل ہالینڈ کے رابن وین پرسی نے گول کرکے برابر کردیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز ہی سے ہالینڈ نے اسپین کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے اور وقفے وقفے سے مزید چار گول کرکے ہسپانوی کھلاڑیوں کو حواس باختہ کردیا۔

ہالینڈ کی جانب سے دوسرا گول 53 ویں منٹ میں روبن، تیسرا گول 64 ویں منٹ میں اسٹیفان، چوتھا گول 72 ویں منٹ میں وین پرسی اور پانچواں گول بھی روبن نے 80 منٹ میں کیا۔

اس سے قبل جمعے ہی کو کھیلے جانے والے 'گروپ-اے' کے میچ میں میکسیکو نے کیمرون کو 0-1 سے شکست دیدی تھی۔ میچ کا واحد گول اوریب پریلٹا نے اسکور کیا۔
XS
SM
MD
LG