رسائی کے لنکس

پاکستان 8 وکٹوں پر 271 رنز، یونس خان کی سنچری


اظہرعلی آسٹریلیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے، انہوں نے حالیہ ٹیسٹ سیریز کی پانچ اننگز میں مجموعی طور پر 395رنز بنائے ہیں جو کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کا آسٹریلیا میں سب سے زیادہ اسکور ہے

سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے، آسٹریلیا کا اسکور برابر کرنے کے لیے اسے مزید 267 رنز کی ضرورت ہے جب کہ صرف 2وکٹیں باقی ہیں۔

یونس خان 136 اور یاسر شاہ 5 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا، سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں جمعرات کو پاکستان ٹیم نے اپنی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔ اظہر علی اپنے اسکور میں صرف 13رنز کا اضافہ کر کے 71 پر رن آؤٹ ہو گئے۔ یونس خان اور اظہر علی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 146رنز بنائے۔

اظہر علی آسٹریلیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے، انہوں نے حالیہ ٹیسٹ سیریز کی پانچ اننگز میں مجموعی طور پر 395رنز بنائے ہیں جو کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کا آسٹریلیا میں سب سے زیادہ اسکور ہے، اس سے قبل 1983 میں محسن خان نے 9اننگز میں 390رنز بنائے تھے۔

کپتان مصباح الحق کی ناکامیوں کا سلسلہ مزید طویل ہو گیا، وہ ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور چائے کے وقفے کے بعد دوسرے ہی اوور میں صرف 18رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔

مصباح نے حالیہ سیریز میں 7اعشاریہ 60کی اوسط سے رنز بنائے ہیں جو کسی بھی سیریز میں ان کا بدترین اوسط ہے، اس سے قبل ان کا بدترین اوسط 11 اعشاریہ 50تھا جو انہوں نے 03 - 2002 میں آسٹریلیا کے ہی کے خلاف بنایا تھا۔

سینئر بیٹسمین یونس خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کی 34ویں سنچری ہے۔

اس کے ساتھ ہی یونس خان دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں جو متحدہ عرب امارات سمیت 11ملکوں میں ٹیسٹ سنچری بنا چکے ہیں۔ بھارت کے راہول ڈریوڈ دوسرے بیٹسمین ہیں جنہوں نے تمام 10 فل ممبر ملکوں میں سنچریاں اسکور کی ہیں۔

اسد شفیق صرف 4رنز، سرفراز احمد 18جبکہ وہاب ریاض 8رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے نیتھن لائیون نے 3، ہیزل ووڈ نے 2جبکہ مچل اسٹارک اور اسٹیو او کوفی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن کو ’’پنک ڈے‘‘ سے منسوب کیا گیا ہے، جس کا مقصد میک گرافاؤنڈیشن کی جانب سے کینسر کے مریضوں کے لیے فنڈ جمع کرنا ہے۔ اسی مناسبت سے شائقین نے پنک کلر کا استعمال کیا ،کوئی پنک چھتری ہاتھ میں تھامے تو کوئی پنک ٹی شرٹ اور کیپ پہن کر اسٹیڈیم پہنچا ۔

XS
SM
MD
LG