شامی عہدے داروں نے کہاہے کہ صدر بشارالاسد ہفتے کے روز نئی کابینہ سے خطاب کریں گے اور ان کا خطاب نشر کیا جائے گا۔
مسٹر اسد نے جمعرات کے روز نئی 30 رکنی کابینہ کا اعلان کیا تھا۔ اسی رو ز انہوں نے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے حکومت کے خلاف حالیہ مظاہروں کے دوران گرفتار کیے جانے والے افراد کی رہائی کا حکم بھی دیا۔
ایک اور خبر کے مطابق عینی شاہدوں اور انسانی حقو ق کے کارکنوں کا کہناہے کہ ہفتے کے روز ساحلی شہر بانیاس میں بڑی تعداد میں لوگ ایک شخص کی تدفین کے لیے اکٹھے ہوئے، جس کے بارے میں ان کا کہناتھا کہ وہ اتوار کو ایک مظاہرے کے دوران حکومت نواز فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیاتھا۔
شام کے سرکاری خبررساں ادارے نے کہاہے کہ وسطی شہر حمص میں جمعے کے روز مظاہرین نے ایک پولیس اہل کار مارمار کر ہلاک کردیا۔
ہفتے کے روز ثنا کی ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے پولیس اہل کار پر لاٹھیاں اور پتھربرسائے حتی کہ وہ ہلاک ہوگیا۔
جمعےکے روز شام کے اکثر شہروں میں مظاہرے ہوئے۔ سب سے بڑا مظاہرہ جنوبی شہر درعا میں ہوا ۔ اس شہر کو حالیہ مظاہروں میں ایک مرکزی حیثیت حاصل ہوچکی ہے۔
حکومت کے خلاف گذشتہ ماہ شروع ہونے والے مظاہرے کئی بار پرتشدد ہوچکے ہیں جن میں سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق اب تک 200 سے زیادہ افراد ہوگئے ہیں۔