|
بھارت نے سنسسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو فائنل میں سات رنز سے شکست دے کر نواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا ہےاور دوسری بار اس فارمیٹ میں عالمی چیمپئن بن گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنا چوکرز کا لیبل اتار پھینکنے میں ایک بار پھر کامیاب نہ ہو سکی۔
میچ میں بہترین پرفارمنس کے باعث مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے ویرات کوہلی اور کپتان روہیت شرما نےنے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
ویرات کوہلی نےمین آف دی میچ کا ایواڈ وصول کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج کا میچ میرے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا بھی فائنل میچ تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل
برج ٹاؤن میں کھیلےگئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں پر 176 رنز بنائے ۔ جواب میں جنوبی افریقہ آٹھ وکٹوں پر 169 رنز ہی بنا سکی۔
ایک موقع پر جنوبی افریقہ کو چوبیس گیندوں پر تیس رنز درکار تھے لیکن بھمرا اور ارشدیب کی نپی تلی باولنگ کے سامنے آخری اوورز میں جنوبی افریقہ کے بلے باز بے بس نظر آئے اور آخری اوور میں سولہ رنز کا ہدف عبور نہ کر سکے۔
بارہ کے اسکور پر دو وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم دباؤ میں تھی لیکن اس موقع پر ڈیکوک اور ٹرسٹان سٹبز نےاٹھاون رنز کی شراکت داری سے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
ڈیکاک اور سٹبز کے آوٹ ہونے کے بعد کلاسن نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے اکشر پٹیل کے ایک اوور میں چوبیس رنز بنائے اور میچ پر جنوبی افریقہ کی گرفت کو مضبوط کر دیا۔
کلاسن ستائیس گیندوں پر باون رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ لیکن ان کے آوٹ ہونے کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں جس سے بھارت مضبوط طریقے سے میچ میں واپس آیا۔
آخری اوور میں سولہ رنز درکار تھے اور پہلی گیند پر چھکے کو کیچ میں تبدیل کرتے ہوئے سوریا کمار یادیو نے بھارت کو ٹرافی دلوانے میں بڑا کردار ادا کیا۔
کلدیب اور اکشر پیٹیل کے آٹھ اووروں میں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے چورانوے رنز بنائے۔ جسپریت بمرا اور ارشدیب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت نے ابتدا میں کپتان روہیت شرما، رشبھ پنت اور سوریا کمار کی وکٹیں محض چونتیس رنز پر گرنے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنلز کا سب سے بڑا اسکور بنایا اور جنوبی افریقہ کو 177 رنز کا ہدف دیا۔
تجربہ کار ویرات کوہلی نے 76 رنز بنائے۔ اکشر پٹیل نے اکتیس گیندوں پر سنتالیس اور شیوام دھوبے نے سولہ گیندوں پر ستائیس رنز بنائے۔
مین آف دی میچ کا ایواڈ وصول کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ٹی ٹوئنٹی کا آخری ورلڈکپ تھا، آج کا میچ میرے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا بھی فائنل میچ تھا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم "چوکرز" کا وہ لیبل ہٹادینے میں ایک بار پھر کامیاب نہ ہو سکی جو اسے بڑے میچوں میں شکست کے سبب ملا ہے۔
فورم