انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
ااتوار کو تماشائیوں سے بھرے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ نے 138 رنز کا ہدف ایک اوور قبل حاصل کر لیا۔انگلینڈ اب بیک وقت 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بھی چیمپئن بن گیا ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس 49 گیندوں پر 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جوس بٹلر نے 17 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے سیم کرن کو مین آف دی میچ کے علاوہ ٹورنامنٹ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 138 رنز کا تعاقب شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے ایلکس ہیلز کو بولڈ کر دیا۔ انگلینڈ کا اسکور 32 رنز ہوا تو حارث رؤف نے فل سالٹ کو آؤٹ کر دیا۔ 45 کے مجموعی اسکور پر جوس بٹلر بھی حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
بٹلر کے بعد ہیری بروک اور بین اسٹوکس نے انگلینڈ کا اسکور آگے بڑھایا، لیکن 84 کے مجموعی اسکور پر ہیری بروک باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ لیکن اس کیچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی بھی انجری کا شکار ہو گئے۔ اگلے اوور میں وہ بالنگ کے لیے آئے لیکن ایک گیند بعد ہی وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔
بابر اعظم نے گیند اُن کی جگہ افتحار احمد کو تھمائی جس سے بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے انگلش بلے بازوں نے تیزی سے رنز بناتے ہوئے ہدف کو اپنی دسترس میں کر لیا۔ 18.2 اوورز میں معین علی کو محمد وسیم جونیئر نے بولڈ کر دیا، لیکن 19 ویں اوور میں انگلینڈ نے ہدف حاصل کر کے ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 28 گیندوں پر 38 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔
کپتان بابر اعظم نے 28 گیندوں پر 32، محمد رضوان نے 14 گیندوں پر 15، محمد حارث نے 12 گیندوں پر آٹھ، شاداب خان نے 14 گیندوں پر 20، محمد نواز نے سات گیندوں پر پانچ رنز بنائے۔ افتحار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بالر سیم کرن نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 12 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عادل رشید نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر دو، کرس جارڈن نے چار اوورز میں 27 رنز دے کر دو، بین اسٹوکس نے چار اوورز میں 32، کرس ووکس نے تین اوورز میں 26 رنز دیے۔
پاکستان الیون کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شان مسعود، محمد حارث، افتحار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل تھی۔
انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان جوس بٹلر، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگسٹن، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جارڈن اور عادل رشید شامل تھے۔