رسائی کے لنکس

افغانستان: شدت پسندوں نے 50 مسافروں کو اغوا کر لیا


شدت پسند (فائل فوٹو)
شدت پسند (فائل فوٹو)

منگل کو دیر گئے مشرقی صوبے غزنی میں حکام کے مطابق طالبان نے دو کاروں کو روک کر ان پر سوار تمام افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

افغانستان کے شمالی علاقے میں مشتبہ طالبان عسکریت پسندوں نے بدھ کو 50 مسافروں کو اغوا کر لیا ہے جب کہ ایک روز قبل مشرقی صوبے غزنی مین 12 مسافروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ عسکریت پسند کابل سے تخار جانے والی ایک بس اور ایک کار کو قندوز میں روک کر اس پر سوار افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لیے گئے۔

افغان سکیورٹی فورسز نے مغویوں کی تلاش اور بازیابی کے لیے قندوز میں کارروائی شروع کر دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی "روئٹرز" کے مطابق شمالی صوبے قندوز کے گورنر اسداللہ عمرخیل کا کہنا ہے کہ "ہم نے ان علاقوں میں تلاش شروع کر دی ہے جہاں گاڑیوں کے لیے راستہ بنا ہوا لیکن ایسا لگتا ہے کہ یرغمالیوں کو موٹر سائیکلوں پر بٹھا کر کسی اور مقام پر لے جایا گیا ہے"

عسکریت پسندوں کے چنگل سے بچ نکلنے والے ایک شخص نے بتایا کہ وہ تخار جا رہے تھے کہ اچانک ان کی بس کو طالبان نے روکا اور اس پر سوار لوگوں کو یرغمال بنا لیا۔

"پھر کسی طرح ان (طالبان) کا آپس میں جھگڑا شروع ہو گیا اور اسی دوران میں اور دیگر دو افراد وہاں سے فرار ہو گئے۔"

حالیہ مہینوں میں طالبان نے ملک کے مختلف حصوں میں اپنا اثر و رسوخ قائم کیا ہے جب کہ حالیہ ہفتوں میں انھوں نے مسافر بسوں کو روک کر لوگوں کو اغوا کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا۔

منگل کو دیر گئے مشرقی صوبے غزنی میں حکام کے مطابق طالبان نے دو کاروں کو روک کر ان پر سوار تمام افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ مرنے والوں میں متعدد سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

طالبان کی طرف سے ان دو تازہ واقعات پر تاحال ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

گزشتہ ماہ کے اواخر میں قندوز میں طالبان نے بسوں کو روک کر اس پر سوار کم ازکم نو افراد کو ہلاک جب کہ تیس سے زائد کو یرغمال بنا لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG