رسائی کے لنکس

دنیا کی تیز ترین مرچ والےچپ کا چیلنج: ایک ٹین ایجر کی موت کے بعد اسٹوروں سے پیکٹ غائب


امریکہ کے سیون الیون اسٹور پر "ون چپ چیلنج "ڈسپلے پر۔اے پی فوٹو
امریکہ کے سیون الیون اسٹور پر "ون چپ چیلنج "ڈسپلے پر۔اے پی فوٹو

میساچوسٹس کے باسکٹ بال کےایک نوجوان کھلاڑی کی موت کے بعد اس کے اہل خانہ نے کہا کہ اس نے ایک انتہائی تیز مرچ والی ٹارٹیا چپ کھائی تھی، اور اسی رات اس کی موت واقع ہوگئ، جس سے ملک بھر میں سوشل میڈیا چیلنج کے بارے میں تشویش میں اضافہ ہوا ہے اور چپس بنانے والی کمپنی کی درخواست پراس کی فروخت بند کردی گئی ہے۔

ہیرس وولوبہ کےخاندان نے یکم ستمبر کو ان کی موت کے ایک ہفتہ بعد جمعہ کو اس بارے میں بات کی اور ان کی ہلاکت خیزی کے بارے میں انتباہ کیا۔ وہ باسکٹ بال سے محبت کرنے والے 10ویں جماعت کے طالب علم کے پوسٹ مارٹم کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس کی موت کی وجہ کیا تھی۔

پولیس نے کہا کہ انہیں یکم ستمبر کو ہیرس ولوبہ کےگھر بلایا گیا اور انہوں نے دیکھا کہ وولوبہ "بے ہوش تھا اور سانس نہیں لے رہاتھا"۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اسس کی موت کا اعلان کیاگیا۔

ریاست کے میڈیکل ایگزامنر کے دفتر نے کہا ہےکہ وولوبہ کی موت کی وجہ کا تعین کرنے میں ممکنہ طور پر ہفتے لگیں گے۔ لیکن چپ بنانے والی کمپنی پاکی نےریٹیلرزسے کہا ہے کہ وہ مصنوعات کی فروخت بند کر دیں۔

پاکی کی ویب سائٹ پر اکثر پوچھے جانے والے سوالات کے سیکشن کے مطابق یہ چپ "کیرولینا ریپر پیپرز" اور" ناگا وائپر مرچ" کے ساتھ تیار کیا گیاہے۔جو دنیا کی سب سے تیکھی مرچیں ہیں۔

وولوبہ کے اہل خانہ نے نوجوان کی موت کا ذمہ دار "ون چپ چیلنج" کو قرار دیا ہے۔ اس چیلنج میں شرکاء سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکی نامی چپ کھائیں اور پھر دیکھیں کہ وہ خوراک اور پانی استعمال کیے بغیر کتنا وقت گزار سکتے ہیں۔

پاکی نے گزشتہ سال سوشل میڈیا پر یہ چیلنج پیش کیا تھا۔

اس چپ کی قیمت تقریباً 10 ڈالر ہے اور یہ تابوت کی شکل کے باکس میں انفرادی طور پرفروخت کیا جاتا ہے جو دوسری باتوں کے ساتھ ساتھ خبردار کرتا ہے کہ یہ "تکلیف سے حاصل ہونے والی ایک ایسی مسرت کے لیے بنایا گیا ہےجو شدید گرمی کے احساس اور درد سے گزر کر حاصل ہوتی ہے ۔یہ بڑوں کے استعمال کے لیے ہے اور اسے بچوں کی پہنچ سے دور رکھا جانا چاہیے۔

انتباہ کے باوجود، بچوں کو چپس خریدنے میں کوئی دقت نہیں ہوئی۔ فلوریڈا کی ایک 10 سالہ لڑکی کو اس ہفتے چپ اسکول لانے پر معطل کردیا گیا تھا۔اس کے والد ڈی اینٹن پیٹرک نے ویسٹ پام بیچ ٹیلی ویژن اسٹیشن ڈبلیو پی ٹی وی کو بتایا کہ والدین کو بھیجے گئے معطلی کے خط کے مطابق، فاریسٹ پارک ایلیمنٹری اسکول کے چھ بچوں کو بدھ کے روز چپ کے رابطے میں آنے کے بعد طبی امداد کی ضرورت پڑی تھی۔

پیٹرک نے کہا کہ ان کے 12 سالہ بیٹے نے منگل کو والگرینز اسٹور میں وہ چپ خریدا تھا، لیکن ماں نے اسےکوڑےمیں پھینکنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی اسے کچرے سے نکال کر اسکول لائی تھی تاہم"باکس پر لکھا ہے کہ بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں، یہ صرف بالغوں کے استعمال کے لیے ہے۔ تو آپ اسے 12 سال کے بچے کو کیوں بیچ رہے ہیں؟" پیٹرک نے کہا۔

امریکہ بھر سے ایسے نوعمروں کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں جو چیلنج میں حصہ لینے کے بعد بیمار ہو گئے ہیں، جن میں کیلیفورنیا کے ایک ہائی سکول کے تین طالب علم بھی شامل ہیں جنہیں ہسپتال بھیجا گیا تھا۔

پیرامیڈیکس کو پچھلے سال مینیسوٹا کے ایک اسکول میں بلایا گیا تھا جب چیلنج میں حصہ لینے کے بعد سات طلباء بیمار ہوگئے تھے۔

پاکی کمپنی صارفین کو راغب کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی ڈالتی رہی ہے، جس میں کھانے والے کو پہلے سخت درد میں مبتلا ہوتے ہوئے اور پھر فاتحانہ انداز میں مسکراتے دیکھا جاسکتا ہے۔

گرچہ یہ چپ جمعرات تک کچھ اسٹورز میں خریدا جا سکتا تھا، لیکن جمعہ تک یہ 7-الیون اور وال گرینز سمیت بڑے سٹوروں کی شیلف سے غائب ہو چکا تھا۔ ایمیزون نے فروخت روک دی اور حال ہی میں پروڈکٹ خریدنے والے صارفین کو مطلع کیا کہ پاکی اسے ہٹا رہا ہے۔

چپ کی فروخت زیادہ تر لوگوں کے سوشل میڈیا پر ان کی یا ان کے دوستوں کی ویڈیو پوسٹ کرنے سے جاری رہتی ہے جو چیلنج قبول کر لیتے ہیں۔ وہ لوگوں کو، جن میں بچے شامل ہیں ،پیکیجنگ کو کھولتے ہوئے، چپس کھاتے ہوئے اور پھر گرمی اور مونہہ جلنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دکھاتے ہیں۔

کچھ ویڈیوز میں لوگوں کو گڑگڑاتے، کھانستے اور پانی کی بھیک مانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ انسٹاگرام اور فیس بک کے مالک میٹا ، یو ٹیوب کے مالک گوگل ٹِک ٹِاک نے جمعہ کے روز کی گئی ان درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا کہ آیا و ہ اس بارے میں کوئی کارروائی کر رہے ہیں۔

موت کی خبر سامنے آنے کے بعد یہاں میڈیا والدین کو انتباہ کر رہاہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے خطرناک چیلنجوں سے روکیں۔

ٹیکساس میں قائم دی ہرشی کمپنی کے ذیلی ادارے پاکی، نے جمعرات کو اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسے وولوبہ کی موت پر "بہت دکھ ہوا"۔ کمپنی نے کہا، "ہم نے ان وارننگز پر عمل نہ کرنے والے نوجوانوں اور دیگر افراد میں اضافہ دیکھا ہے،"

کمپنی نے کہا۔ "ہم پروڈکٹ کو شیلف سے ہٹانے کےلئے ریٹیلرز کے ساتھ فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔"

(یہ رپورٹ ایسو سی ایٹڈ پریس کی معلومات پر مبنی ہے۔)

فورم

XS
SM
MD
LG