آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن۔ ٹینس کی دنیا میں یہ چار گرینڈ سلیم ہر سال کھیلے جاتے ہیں۔ لیکن اتوار 3 مئی کو پہلی بار پانچواں گرینڈ سلیم کھیلا جائے گا جس کا نام ہے، اسٹے ایٹ ہوم سلیم۔ یعنی گھر پر بیٹھے بیٹھے کھیلا جانے والا عالمی مقابلہ۔
نہ تو اس کے شرکا معمولی کھلاڑی ہیں اور نہ انعامی رقم کم ہے۔ جگر تھام کے نام سنیں۔ سیرینا ولیمز، وینس ولیمز، ماریا شراپووا، کیون اینڈرسن، ناؤمی اوساکا اور فاتح کو کیا ملے گا؟ ایک ملین ڈالر۔
یہ پہلی بار ہوگا کہ ٹینس کے عظیم کھلاڑی کلے یا گراس کورٹ کے بجائے اپنے کمرے میں بیٹھ کر سروس کریں گے اور ایسز لگائیں گے۔ کیونکہ یہ مقابلہ ماریو ٹینس ایسز پر یعنی آن لائن کھیلا جائے گا۔ ممکن ہے کہ اس کے ناظرین کی تعداد ٹیلی وژن سے بھی زیادہ ہو، کیونکہ اسے فیس بک براہ راست نشر کرے گی۔
یہ ٹورنامنٹ کھیلوں کے لیے شائقین کے لیے تحفہ ہے کیونکہ کرونا وائرس نے کھیل کے میدانوں کو ویران کیا ہوا ہے۔ فرنچ اوپن اور ومبلڈن کو منسوخ اور اولمپک گیمز تک کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنا پڑا ہے جو تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
لیکن، ٹیکنالوجی نے ایک موقع دیا ہے کہ کھلاڑی میدان میں نہیں آسکتے تو انٹرنیٹ پر جلوہ گر ہوسکتے ہیں اور آن لائن گیمز میں اپنی مہارت کا ثبوت دے سکتے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں ڈبلز مقابلے ہوں گے اور پئیرز کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ ٹینس مقابلوں کی طرح صرف مرد ڈبلز، خواتین ڈبلز یا مکسڈ ڈبلز کے آپس میں مقابلوں کی قید نہیں ہے۔ پئیرز میں ایک پروفیشنل ٹینس پلیئر اور ساتھ میں کوئی سوپر ماڈل یا دوسرے کھیل کا کھلاڑی شامل ہے۔
امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز کے ساتھ امریکی فیشن ماڈل گیگی حدید، جاپان کی ٹینس اسٹار ناؤمی اوساکا کے ساتھ امریکی ماڈل اور اداکارہ ہیلی بیبر، روس کی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا کے ساتھ امریکی فیشن ماڈل کارلی کلوس، جنوبی افریقہ کے ٹینس پلیئر کیون ایںڈرسن کے ساتھ امریکہ کے فٹبالر رائن ٹینے ہل، امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز کے ساتھ امریکہ کے فٹبالر ڈیئنڈرے ہاپکنز، جاپان کے ٹینس اسٹار کئی نشی کوری کے ساتھ امریکہ کے انٹرٹینر اسٹیو آؤکی، امریکہ کی ٹینس پلیئر میڈیسن کیز کے ساتھ برطانوی گلوکار سیل اور امریکہ کے ٹینس پلیئر ٹیلر فرٹز کے ساتھ امریکہ کی سوشل میڈیا انفلوئنسر ایڈیسن رائی پارٹنر ہوں گی۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی کھلاڑی کے ان فٹ ہوجانے پر مقابلے سے دست بردار ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تمام شرکا اپنے ورچوئل کیریکٹرز کی صورت میں ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔
ٹرونامنٹ جیتنے والوں کے لیے ایک ملین ڈالر اور دیگر کھلاڑیوں کے لیے فی کس 25ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ لیکن، دراصل تمام رقم ان کی پسند کے امدادی اداروں کو دی جائے گی۔
اس سے پہلے فٹبال پریمئیر لیگ، فارمولا ون اور امریکہ کی این بی اے کے مقابلے آن لائن منعقد کیے چکے ہیں جو کھیلوں کے شائقین میں بہت مقبول ہوئے تھے۔