رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: مظاہرین پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، تین زخمی


بنکاک میں حکام اور عینی شاہدین نے بتایا کہ سرکاری رہائش گاہ کے باہر مظاہرین کے ایک گروپ نے کیمپ لگا رکھا تھا جس پر وہاں سے گزرنے والی گاڑی سے فائرنگ کی گئی۔

تھائی لینڈ میں ہفتہ کو حکومت مخالف مظاہرین پر نا معلوم شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

دارالحکومت بنکاک میں حکام اور عینی شاہدین نے بتایا کہ سرکاری رہائش گاہ کے باہر مظاہرین کے ایک گروپ نے کیمپ لگا رکھا تھا جس پر وہاں سے گزرنے والی ایک گاڑی سے فائرنگ کی گئی۔

پولیس حملہ آور کو شناخت کرنے اور اس کو پکڑنے میں تاحال کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

اس واقعے سے ایک روز قبل ہی فوج کے سربراہ نے فریقین کو تحمل سے کام لینے کا کہا تھا۔

فوج کی طرف سے بغاوت کرنے کی قیاس آرائیوں پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں جنرل پریاؤتھ چان اوکاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’’ بغاوت کے لیے نہ تو دروازہ کھلا اور نہ ہی بند۔‘‘ انھوں نے ایک بار پھر درخواست کہ لوگ فوج کو اس تلخ معاملے پر فریق بننے کا نہ کہے۔

تھائی لینڈ کے نگران نائب وزیراعظم سوراپونگ ٹووچاکچیئکل نے جمعہ کو کہا کہ تھا کہ وہ فوج سے انتخابی امیدواروں کی رجسٹریشن کے عمل کو تحفظ فراہم کریں جو ہفتہ سے شروع ہورہی ہے۔

جمعرات کو ٹی وی پر کیے جانے والے خطاب میں نائب وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابات کو ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

وزیراعظم ینگ لک شیناواترا نے ملک میں جاری سیاسی بدامنی اور حکومت مخالف مظاہروں کو روکنے کے لیے نو دسمبر کو پارلیمنٹ تحلیل کرکے دو فروری کو عام انتخابات کا اعلان کیا تھا۔

حزب مخالف نے ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل قومی اصلاحاتی کونسل تشکیل دی جائے جو ملک میں اصلاحات کرے۔ لیکن مس شیناواترا نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ انتخابات کے بعد قائم ہونے والی حکومت کے ساتھ مل کر ایک اصلاحاتی کونسل تشکیل دے دی جائے گی۔

حزب مخالف نے وزیراعظم کی یہ تجویز مسترد کردی تھی۔
XS
SM
MD
LG