فلسطین سے تعلق رکھنے والی مسلمان طالبہ اقبال الاسد کو دنیا کی کم عمر ترین ڈاکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
اقبال الاسد نے 20 سال کی عمر میں میڈیکل کی تعلیم مکمل کی ان کا نام گینیز بک ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کی کم عمر ترین خاتون ڈاکٹر کے طور پر درج ہے۔
دنیا کے کم عمر ترین مرد ڈاکٹر کا اعزاز بھارتی نژاد امریکی محقق اور ماہر تعلیم ڈاکٹر بالامورلی امباتی کو حاصل ہے جنھوں نے 17 سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
گینیز بک ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انھیں میڈیسن کی سب سے کم عمر طالبہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے یہ اعزاز اقبال الاسد نے تیرہ برس کی عمر میں حاصل کر لیا تھا۔
اقبال الاسد نے 12 سال کی عمر میں ہائی اسکول پاس کیا اور کلاس میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی جبکہ میڈیکل اسکول میں داخلے کے لیےحیاتیاتی کیمیا اور ریاضی کے مضامین میں مہارت حاصل کی۔
13 سال کی عمر میں اقبال نے لبنانی وزیر تعلیم کی مدد سے کورنیل یونیورسٹی کی قطر شاخ میں میڈیسن کی تعلیم کے لیے وظیفہ حاصل کیا۔
2012ء میں اقبال الاسد 20 سال کی عمر میں ناصرف کورنیل یونیورسٹی سے میڈیکل گریجویٹ کی ڈگری حاصل کی بلکہ یونیورسٹی کی تاریخ میں سب سے کم عمر ڈاکٹر بن گئی۔ اقبال الاسد کو عرب دنیا کی کم عمر ترین ڈاکٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
اقبال کا خاندان فلسطین سے ہجرت کر کے لبنان آیا تھا جہاں وہ بیکا ویلی کے ایک چھوٹے سے گاؤں بار الیاس میں پلی بڑھی ہے اور نامساعد حالات اور غربت کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔
وہ امریکی ریاست اوہائیو میں ایک بچوں کے اسپتال میں ماہر اطفال پر اپنی ریذیڈنسی مکمل کر رہی ہے جبکہ مستقبل میں مشرق وسطیٰ، قطر یا لبنان میں ڈاکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اقبال الاسد لبنان میں پناہ گزینوں کے کیمپ کے لیے مفت کلینک کھولنا چاہتی ہے تاہم لبنان میں فلسطینی ڈاکٹر کو سرکاری اسپتال میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔