رسائی کے لنکس

جاپان میں شیشے کی دیواروں والے پبلک ٹوائلٹ متعارف


ٹوکیو میں بنائے جانے والے سی تھرو پبلک ٹوائلٹ
ٹوکیو میں بنائے جانے والے سی تھرو پبلک ٹوائلٹ

جاپان میں اب ایک نئے انداز کے پبلک ٹوائلٹ متعارف کرائے جا رہے ہیں جو سی تھرو ہیں۔ یعنی آپ ان کے آر پار دیکھ سکتے ہیں۔

عوامی مقامات پر نصب کیے جانے والے ان ٹوائلٹس کی خوبی یہ ہے کہ جب وہ خالی ہوتے ہیں تو ان کے اندر کی ہر چیز دکھائی دیتی ہے۔ لیکن جب کوئی ٹوائلٹ کے اندر داخل ہو کر دروازہ بند کرتا ہے تو اس کے شیشے کی دیوار دھندلی ہو جاتی ہے اور پھر باہر سے کچھ دکھائی نہیں دیتا۔

جدید انداز اور نئے تصور کے حامل دو عوامی ٹوائلٹ ٹوکیو کے علاقے شی بویا میں بنائے گئے ہیں۔ یہ ٹوائلٹ جاپان کی ایک معروف آرکیٹکٹ کمپنی 'شیگروبان' نے ڈیزائن کیے ہیں۔ یہ نیپان فاؤنڈیشن کا ایک پروجیکٹ ہے جس کے تحت اس علاقے میں 17 پبلک ٹوائلٹ بنائے جائیں گے۔

ٹوائلٹ کی دیواریں سبز، زدر اور نارنجی رنگ کی روشنیاں منعکس کرتی ہیں جو نظروں کو بہت بھلی لگتی ہیں۔

ارجنٹائن سے ٹوکیو آنے والی ایک سیاح سیسلیا لوپاز نے خبر رساں ادارے 'اے پی' کو بتایا کہ پہلی بار ٹوائلٹ میں جاتے ہوئے میں کچھ گھبرائی ہوئی تھی کہ باہر سے کوئی دیکھ تو نہیں رہا۔ لیکن اندر آ کر پتا چلا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔

ان کے بقول دروازہ بند ہوتے ہی اس کی دیواروں کے آر پار دیکھنے کی سہولت ختم ہو جاتی ہے اور وہ ایک عام ٹوائلٹ بن جاتا ہے۔ جس سے آپ کی پرائیویسی قائم رہتی ہے۔

شیشے کی دیوار میں ایک خاص ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ جب ٹوائلٹ خالی ہوتا ہے تو برقی رو اسے روشن رکھتی ہے اور اس کے آر پار دیکھا جا سکتا ہے۔ لیکن جب کوئی اندر داخل ہونے کے بعد دروازے کو لاک کرتا ہے تو دیوار کے اندر ایک برقی پردہ حائل ہو جاتا ہے کہ جس کے آر پار دیکھنا ممکن نہیں رہتا۔

ٹوکیو کے ایک رہائشی توموکو میزوتانی نے بتایا کہ ٹوائلٹ واقعی بہت صاف ستھرا ہے۔ وہ آرٹ کا ایک نمونہ دکھائی دیتا ہے۔

شیشے کی دیوار لگانے کا ایک مقصد ٹوائلٹ کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔ کیونکہ ٹوائلٹ استعمال کرنے والے کو علم ہوتا ہے کہ اگر میں کوڑا فرش پر پھینک کر جیسے ہی باہر نکلوں گا تو دیوار روشن ہو جائے گی اور باہر کھڑے لوگوں کو پتا چل جائے گا کہ کوڑا اس نے پھینکا ہے۔

جدید سی تھرو ٹوائلٹس کو مرد، خواتین اور معذور یکساں طور پر استعمال کر سکتے ہیں کیوں کہ شیشے کی دیوار یہ بتا دیتی ہے کہ ٹوائلٹ کے اندر کوئی ہے یا وہ استعمال کے لیے خالی ہے۔

XS
SM
MD
LG